جمہوریت اور پائیدار ترقی ملک کو مضبوط بناسکتی ہے،احسن اقبال
گوادر(ملت آن لائن) گودار پورٹ کا اعلان سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے 1992 ء میں کیا جو آج حقیقت بن گیا ہے، جمہوریت اور پائیدار ترقی ملک کو مضبوط بنا سکتی ہے، چین پاکستان میں سب سے زیادہ براہ راست سرمایہ کاری کرنے والا ملک بن گیا ہے، سی پیک سے ہر کوئی مستفید ہوگا، ہم ایسی ترقی چاہتے ہے جس سے بلوچستان کے عوام کا معیار زندگی بلند ہو، چین پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ ان خیالا ت کا اظہار پیر کو وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال،وفاقی وزیر حاصل خان بزنجو، وزیر اعلی بلوچستان پیر عبد القدوس بزنجو، پاکستان میں چین کے سفیر اور چینی کمپنی چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی لیمٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر Zhang Baozhong نے گودار فری زون اور گودار کے پہلے دو روزہ ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ بعد ازاں وزیراعظم نے گوادر فری زون اور گوادر ایکسپو2018 ء کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ، وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب، صدر آزاد کشمیر مسعود خان ، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل زبیر حیات، سدرن کمانڈر جنرل عاصم باجوہ، وزیراعظم کے مشیر مصدق ملک،وفاقی و صوبائی وزراء، اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی، سرمایہ کار اور کاروباری شخصیات سمیت مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ حاصل خان بزنجو نے کہا کہ گودار فری زون اور پہلے ایکسپو کا افتتاح خوشی کا باعث ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کا خواب تھا جس کا اعلان انہوں نے1992 ء میں گوادر کے دورے کے موقع پر فیشنگ جی ٹی میں منعقدہ ایک جلسہ کے دوران کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ خواب حقیقت بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 30 سال پہلے گوادر ایک چھوٹا سا قصبہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ 1992 ء میں ہم نے سنگار کے نام سے ہاؤسنگ اسکیم شروع کی تھی لیکن اس وقت یہاں کوئی سنگل پلاٹ خریدنے میں دلچسپی نہ رکھتا تھا لیکن آج پاکستان کے ہر کاروباری اور صنعتکار کی یہ خواہش ہے کہ ان کو سنگار ہاؤسنگ اسکیم میں پلاٹ مل جائے ۔ حاصل بزنجو نے کہا کہ سی پیک میں وفاقی وزیر احس اقبال کی محنت اور کاوشوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دعوت پر ایران نے ایکسپو میں اپنا وفد بیھجا ہے جس پر ہم ایران کے شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور پائیدار ترقی ملک کو مضبوط بناسکتی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ 2013 ء میں جب ہم چینی حکام سے پہلے مذاکرات کے لئے گوادر آ رہے تھے تو گوادر میں موجود فائیو اسٹار ہوٹل بند ہوگیا تھا لیکن آج 3 سال بعد ہوٹل میں جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم فری زون کا افتتاح کر رہے ہیں جو پاک چین دوستی کے عزم اور سخت محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چین سے سیکھنے کی ضرورت ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چین نے مختصر عرصے میں بہت ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن قوموں نے امن ، استحکام اور ترقی میں توازن قائم کیا ہے ان اقوام نے ترقی کی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سی پیک سے نہ صرف بلوچستان اور پاکستان بلکہ خطہ کی تقدیر بدل جائے گی۔ انہوں نے کہا اس سے سینٹرل ایشیا افغانستان بھی منسلک ہو جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مقامی لوگوں کو تعلیم ، صحت کی سہولیات کے روزگار کے وسیع مواقع فراہم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کی مقامی صنعت جہاز سازی کو بھی مزید فروع دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک ایسا منصوبہ ہے جس سے ہر کوئی مستفید ہوگا اور اس منصوبے کے ثمرات سے کوئی محروم نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر ایک جدیدصنعتی شہر بنے گا۔ چین کے سفیر یاوجن Yao Jin نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کی یہ افتتاحی تقریب دونوں ملکوں کے عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ گوادر کے ایکسپو میں 200 سے زائد کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس میں چینی کمپنیوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نہ صرف اپنی سرمایہ کاری اور تعاون جاری رکھے گا بلکہ چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی بھی حوصلہ افزائی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کی ترقی سے مقامی لوگوں کو بھی ترقی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ گوادر کے مقامی لوگوں کے تعلیم وصحت اور ترقی کے لئے کام ہو رہا ہے جس سے ان کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ وزیر اعلی بلوچستان پیر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ گوادر ایک بین الاقوامی شہر کے طور پر ابھر کر سامنے آ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے لئے کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ وزیراعلی نے کہا کہ ہم بلوچستان میں ترقی چاہتے ہیں اور ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ اس ترقی سے بلوچستان کے عوام کا معیار زندگی بلند ہو۔ انہوں کہا کہ گوادر کے بجلی اور پانی کے مسئلہ کو حل کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے ہمیں وفاقی حکومت کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو مقامی، ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں، کاروباری کمپنیوں کے درمیان رابطہ کا ایک ذریعہ بنے گا۔ چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے سی ای او نے ایکسپو آمد پر سب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی مقامی افراد کو تعلیم ، صحت اور روزگار فراہم کرنے کے لئے مختلف شعبوں میں تعاون کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی افراد کے ساتھ یہ تعاون جاری رہے گا۔