خبرنامہ

جمہوری حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی: ربانی

کراچی:(ملت+اے پی پی) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ ملکی مصنوعات کو بین الاقوامی مارکیٹوں میں میڈ ان پاکستان کے نام سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں متعارف کروانا چاہئے تاہم دنیا بھر میں مسلم ممالک کی مصنوعات کا زیادہ نام نہیں ہے حالانکہ تاریخ گواہ ہے کہ پوری دنیا میں مسلمانوں نے ہی اپنا سکہ جمایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز برانڈ آف دی ایئر ایوارڈ کی سالانہ تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، سی ای او ٹی ڈی اے پی ایس ایم منیر، صدر فیڈریشن پاکستان زبیر طفیل سمیت 136 برانڈز کو ایوارڈ دیئے گئے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دنیا بھر میں صرف پاکستان میڈ ان پاکستان ہی نہیں دیگر اسلامی ممالک کی مصنوعات بھی کم دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی ایک سنہری تاریخ رہی ہے، دنیا کا پہلا آئین میثاق مدینہ تھا جس میں آپس میں مل جل کر رہنے کا درس اور اقلیتوں کی حفاظت کا درس بھی ملتا ہے، پھر وہ کیا عوامل ہیں جن کے باعث پاکستان میں تمام تر وسائل ہونے کے باوجود دنیا میں وہ مقام حاصل نہیں کیا جو کہ برانڈ کی پہچان بنتا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی برانڈز دنیا میں کم ہیں، سپورٹس کے پاکستانی برانڈز دنیا بھر میں مقبول ہیں۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ جمہوری حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتدار کی منتقلی آئین کی وجہ سے ہے جس سے ادارے مضبوط ہوں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جمہوریت کا حسن اس میں ہے کہ جمہوری عمل جاری رہنا چاہئے۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ سیاست دانوں میں اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہوتا ہے۔ اس موقع پر ایس ایم منیر نے کہا کہ برانڈ پاکستان کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے، دو سال سے ہماری برآمدات کم ہوئی ہیں تاہم آنے والے سالوں میں برانڈ ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے۔اس موقع پر برانڈز فاؤنڈیشن کی 10 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور آتش بازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔