خبرنامہ

جمہوری نظام کا تسلسل ترقی کا واحد راستہ ہے: بلیغ الرحمن

اسلام آباد ۔ 21 اکتوبر (ملت + اے پی پی) وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ جمہوری نظام کا تسلسل ترقی کا واحد راستہ ہے‘ تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنے والے ممالک ہی تیزی سے ترقی کر رہے ہیں‘ آج کے میڈیا کے دور میں میڈیا سے متعلق تربیت کا حصول بہت اہمیت رکھتا ہے‘ کسی بھی ادارے کی کامیابی کے لئے بہترین تربیت یافتہ انسانی وسائل بہت اہمیت کے حامل ہیں اور کسی بھی معزز ادارے جیسے پی ٹی وی سے تربیت لینا خود کسی اعزاز سے کم نہیں۔ جمعہ کو پی ٹی وی اکیڈمی میں درمیانے درجے کی تربیت مکمل کرنے والے تنظیمی منیجرز کی تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے تربیت مکمل کرنے والے تمام شرکاء کو مبارکباد دی اور کہا کہ پیشہ وارانہ تربیت ہماری وزارت کے دائرہ کار میں شامل ہے‘ اس لئے ہم پاکستان کے تمام تربیتی اداروں کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ان کو تمام تر سہولیات پہنچانے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ جاپان میں کیذن کے تصور کی مثال دیتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ خوب سے خوب تر کے لئے ہر وقت کوشش جاری رکھنی چاہئے۔ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ہمارے مذہب نے ہمیشہ یہ سبق دیا کہ نظام اور معاشرے کی بہتری کے لئے ہر وقت کوشاں رہو اور اس قسم کی تربیت اس سلسلہ کا پہلا قدم ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی وی ملک کا بہترین ڈھانچہ ہے لیکن ابھی اس کو اپنی کارکردگی میں مزید بہتری کی ضرورت ہے ملکی چینل ہونے کے باعث ہمیں نئی تکنیک، جدت اور ادبی تصورات کے آلات سے خود کو آراستہ کرنا چاہئے تاکہ دنیا کا مقابلہ کر سکیں۔ وزیر مملکت نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری چھوٹی سی کوشش ہو گی جو درحقیقت ملکی ترقی میں بہت اہمیت رکھتی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ تربیت ہمیشہ پرسکون اور دوستانہ ماحول میں ہونی چاہئے جہاں شرکاء کو اپنا آپ دکھانے کا صحیح موقع مل سکے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ملکی صورتحال گزشتہ ساڑھے تین سال میں بہت بہتر ہوئی ہے اور ہم دہشت گردی کے الزام سے باہر آگئے ہیں اور ہماری معیشت پھل پھول رہی ہے‘ کوئی بھی ادارہ جب ہم سنبھالتے ہیں تو وہ بے کار ہوتا ہے لیکن جب درست سمت میں قدم اٹھا کر کوشش کرتے ہیں تو ہم اپنی کوششوں سے اس کو دوبارہ موثر بنا دیتے ہیں لیکن ابھی ہمیں بہت آگے بڑھنا ہے۔ آخر میں وزیر مملکت نے شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔