جی ایس پی پلس سٹیٹس پاکستان کی مثبت کامیابی ہے، خرم دستگیر خان
اسلام آباد(ملت آن لائن)جی ایس پی سٹٹس کے بعد یورپ کو پاکستانی برآمدات میں 39 فیصد اضافہ ہوا ہے،وزیر دفاع اور یورپین پارلیمنٹ فرینڈ شپ گروپ کے کنوینئر خرم دستگیر خان سے یورپی یونین ملٹری کمیٹی کے مستقل چیئر مین جنرل میخائیل کوستاراکوس کی ملاقات، وزیر دفاع اور یورپین پارلیمنٹ فرینڈ شپ گروپ کے کنوینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس پاکستان کی مثبت کامیابی ہے،جی ایس پی سٹٹس کے بعد یورپین یو نین کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 39 فیصد اضافہ ہوا جبکہ پاکستان کو یورپین یونین کی برآمدات میں بھی 39فیصد اضافہ ہوا ہے۔یہ باتیں انہوں نے ہفتہ کو یورپین یونین ملٹری کمیٹی کے مستقل چیئر مین جنرل میخائیل کوستاراکوس سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔وزیر دفاع پارلیمنٹیرین کے وفد کے ہمراہ برسلز کے چاعوزہ سرکاری دورے پر ہیں۔وفد میں سابق سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ،چیئر مین نیشنل اسمبلی کامرس کمیٹی سراج خان اور چیئر مین سینٹ کامرس کمیٹی شبلی فراز شامل ہیں۔خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان یورپین یونین تعاون اور تعلقات جمہوریت اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی مشترکہ اقدار کی بنیادوں پر استوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خواتین،اقلیتوں اور بچوں سمیت معاشرے کے محروم طبقات کے تحفظ کیلئے بے پناہ کوششیں اور قانون سازی کی ہے ۔