حفظان صحت کے اصولوں پرعملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، آفتاب اکبر درانی
اسلام آباد:(ملت آن لائن) چیف کمشنر اسلام آباد آفتاب اکبر درانی نے ہدایت کی ہے کہ حفظان صحت کے اصولوں ‘ لیبر قوانین پر عملدرآمد اور تمباکو نوشی سے متعلق قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔یہ ہدایت انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ڈپٹی کمشنر آفس کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کے دوران جاری کیں جو جمعرات کو ان کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ انہوں نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران کو شہریوں کو معیاری خدمات کی فراہمی کے لئے خصوصی ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے ضلعی انتظامیہ کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کے حوالے سے چیف کمشنر کو بریفننگ دی اور آگاہ کیا کہ شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی اور اسلام آباد کی حدود میں قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے شہر کو مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹ صاحبان شہری مسائل کا ادراک کرتے ہوئے ان کے حل کے لئے اقدامات بھی اٹھا رہے ہیں۔ جبکہ اسلام آباد کے پولیو فری سٹیٹس کی بحالی کے لئے سی ڈیا ے اور دیگر متعلقہ شعبوں کے اشتراک سے کوششوں کو بروئے کار لایا جارہا ہے جبکہ حفظان صحت کے اصولوں ‘ لیبر قوانین پر عملدرآمد اور تمباکو نوشی سے متعلق قوانین پر عملدرآمد کے لئے مربوط کوششیں کی جارہی ہیں۔ چیف کمشنر اسلام آباد آفتاب اکبر درانی نے اسلام آباد انتظامیہ کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس ضمن میں کوششوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ چیف کمشنر نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں ساز گار ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔ اس ضمن میں تمام سٹیک ہولڈرز کی سہولیت کو یقینی بنایا جائے ۔ مختلف ڈائریکٹوریٹس کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے چیف کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ جدید آئیڈیاز متعارف کرائیں اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے علاوہ اس عمل میں نوجوانوں کی شرکت کو بھی یقینی بنایا جائے۔