خبرنامہ

حکومت ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے: برجیس طاہر

حکومت ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے: برجیس طاہر

اسلام آباد: (ملت آن لائن) وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے جمعرات کو یہاں ملاقا ت کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ گلگت بلتستان کی سیاسی و معاشی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر امورکشمیر نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی جانب سے 2015ء میں گلگت بلتستان کے انتخابات کے موقع پر کئے گئے وعدوں پر تکمیل کا سفر تیزی سے جاری ہے اور اس ضمن میں بیشتر وعدے پورے کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا دورہ سکردو بھی محمد نواز شریف کے انہی وعدوں اور وژن کی تکمیل کی ایک کڑی تھی جس میں گلگت سکردو روڈ اور بلتستان یونیورسٹی جیسے عظیم منصوبوں کے تعمیراتی کام کا آغاز کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کے علاوہ پی ایس ڈی پی اور سی پیک کے منصوبوں کی بدولت گلگت بلستان میں ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ ان کی صوبائی حکومت گلگت بلتستان کی عوام کی جانب سے دیئے گئے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں بڑا اہم کردار ادا کیا ہے اور ان کی صوبائی حکومت گلگت بلتستان میں محمد نواز شریف کے وژن کے تکمیل کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں وفاقی حکومت کے تعاون سے دن رات کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک و دیگر میگا منصوبوں کی بدولت گلگت بلتستان کا مستقبل انتہائی روشن ہو چکا ہے اور عنقریب گلگت بلتستان کا شمار پاکستان کے خوشحال ترین علاقوں میں ہو گا۔