حکومت تعلیم کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، سرتاج عزیز
اسلام آباد(ملت آن لائن) ڈپٹی چیرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے، ویژن 2025ء کے تحت پلاننگ کمیشن نے ملک میں اعلیٰ تعلیم کی بہتری کے لئے ایک مربوط منصوبہ بندی کی ہے جس کے تحت پورے ملک میں کوئی بچہ تعلیم کے بغیر نہیں رہ سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سی ڈبلیو پی کے اجلاس کے موقع پر کیا۔ سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے 20.9 ارب روپے مالیت کے منصوبوں کی منظوری دی ۔اجلاس میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں 6 منصوبوں کی منظوری دی گئی جن میں سے ایک 20.9 ارب روپے کا مالیت کا منصوبہ ایکنک کو ارسال کیا گیا۔ اجلاس میں کالج آف نرسنگ کے قیام اور کمیونٹی میڈیسن ڈیپارٹمنٹ پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز فار ویمن نوابشاہ کو مستحکم بنانے سمیت صحت و تعلیم کے پانچ منصوبے منظور کئے گئے۔ ان میں انسٹی ٹیوٹ آف سائنس و ٹیکنالوجی بہاولپور اور بنوں میں خواتین یونیورسٹی کیمپس کے قیام، کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی برائے خواتین کا قیام اور نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے سب کیمپس کراچی کا قیام شامل ہیں۔
وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات نے کیڈ ڈویژن کے لئے ایک ارب 93 کروڑ روپے جاری کر دیئے
اسلام آباد،وزارت منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں کیڈ ڈویژن کے لئے ایک ارب 93 کروڑ28 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کردیئے ہیں ، حکومت نے اس ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 5ارب 18کروڑ 84 لاکھ روپے کے فنڈ ز مختص کئے ہیں ۔ پلاننگ کمیشن کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق حکومت نے اسلام آباد وزیر اعظم پروگرام کے تحت 200سکولوں کی اپ گریڈیشن اور تزئین وآرائش کے لئے ایک ارب 74کروڑ 20لاکھ ، اسلام آباد میں نیشنل سپیشل ایجوکیشن سنٹر کی اپ گریڈیشن کے لئے 51لاکھ، ایف الیون ون میں ہوم اکنامکس کالج کے لئے 5کروڑ، کھنہ ڈاک میں گرلز سکول کی تمعیر کے لئے 72 لاکھ ، پولی کلینک میں تعمیراتی کاموں کے لئے ایک کروڑ 20لاکھ روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کردیئے ہیں۔