حکومت تھر کوئلے سے بجلی کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گی، ہارون اختر خان
اسلام آباد(ملت آن لائن) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات و وفاقی وزیر ہارون اختر خان نے کہا ہے حکومت تھر کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے لیے وہاں پر جاری قومی اہمیت کے حامل منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائے گی تاکہ عوام اور ملکی صنعتوں کو آنے والے سالوں میں ہمہ وقت سستی بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار تھر کول پاور پراجیکٹس کی شریک کار کمپنیوں کے ایک وفد سے ایف بی آر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ تھر کوئلے سے بننے والی بجلی سے ملکی معیشت کو بے پناہ فوائد ملیں گے اس کے علاوہ تھر سے نکلنے والا کوئلہ ملک کے دیگر حصوں میں حالیہ سالوں میں بننے والے بجلی کے کارخانوں میں بھی استعمال ہو سکے گا جس سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی ۔انہوں نے کہا پاکستان میں توانائی کے قابل تجدید ذرائع محدود ہونے کی وجہ بجلی کا بحران پیدا ہوتا رہا ہے لیکن آنے والے سالوں میں ملکی معیشت میں تونائی کے بڑھتے ہو ئے استعمال کے پیش نظرکوئلے سے بجلی پیدا کرنے کی اہمیت اور ضرورت مزید بڑھ جائے گی خاص طور پر جبکہ ہندوستان اور انڈونیشیا جیسے ممالک میں کوئلے سے 70 فیصد کے لگ بھگ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔اس موقع پر انہیں تھر کول پاور پراجیکٹس پر کام کی رفتار سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کا پہلا مرحلہ اپنی مقررہ مدت سے چار قبل ہی مکمل ہو جائے گا اور منصوبے کی تکمیل کے بعد اگلے پچاس سالوں کے لیے ملکی ضروریات کاپانچ فیصد حصہ اس منصوبے سے پورا جا سکے گا۔