حکومت صحت کی سہولیات کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، سرتاج عزیز
اسلام آباد(ملت آن لائن) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، پلاننگ کمیشن نے وژن 2025ء کے تحت ملک میں عوام کو صحت کے حوالے سے منصوبہ بندی کی ہے تاکہ ملک کے ہر شہری کو صحت کی سہولتیں میسر آ سکیں۔ سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیز کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ ریگولیشنز نے اسلام آباد این آئی ایچ میں لیبارٹری کی اپ گریڈیشن اور دیگرسہولیات کیلئے75 کروڑ 14 لاکھ 67 ہزار روپے کا منصوبہ پیش کیا جس کو اجلاس نے منظور کر لیا۔ کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن نے اسلام آباد پمز ہسپتال میں نیورو سائنسز مرکز کے قیام کا منصوبہ پیش کیا جس کی کل لاگت7 ارب 43 کروڑ90 لاکھ روپے پیش کی گئی جس کو اجلا س نے حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھجوا دیا۔ کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن نے پمز ہسپتال اسلام آباد کے اندر ہی کینسر ہسپتال کے قیام کیلئے5 ارب15 کروڑ60 کروڑ روپے کا منصوبہ پیش کیا۔ جس کے تحت کیموتھراپی، سرجیکل ٹریٹمنٹ، کینسر کی تشخیص اور کینسر کی روک تھام جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی جس کو اجلاس میں منصوبے کے سول ورکس کو منظور کیا جس کی کل لاگت ایک ارب 99کروڑ80 لاکھ روپے ہے۔