خبرنامہ

حکومت قومی امور میں مشاورت کی مثبت روایت پر کاربند ہے،

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ حکومت تمام قومی امور میں مشاورت کے ساتھ اقدامات کی مثبت روایت پر کاربند ہے۔ تاجر اور صنعتکار ملک کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ حکومت سہولیات کی فراہمی سے قومی ترقی کے عمل میں ان کی شرکت کی مزید حوصلہ افزائی چاہتی ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے وفاق ایوان ہائے صنعت وتجارت (ایف پی سی سی آئی) کے وفد سے گفتگو میں کیا جس نے صدر زبیر فریدطفیل کی قیادت میں مشیر وزیراعظم سے ملاقات کی۔ عرفان صدیقی نے ایف سی سی آئی کے وفد کو مزارقائد کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ علم وادب اور کتاب کا فروغ ایک صدقہ جاریہ ہے۔ کاروباری اور تاجر برادری اس کارخیر کو عام کرنے میں قومی تاریخ وادبی ورثہ کا ہاتھ بٹائے۔ انہوں نے بتایا کہ مزارقائد کے احاطے میں ’مِنی پاکستان‘ منصوبے پر عمل درآمد کا جلد آغاز ہوجائے گا۔ اس منفرد منصوبے کے لئے ابتدائی فنڈز مل گئے ہیں۔ اس منصوبے سے مزارقائد پر آنے والے لوگوں خاص طورپر نوجوانوں کو پورے پاکستان کے مختلف رنگ نظرآئیں گے اور قومی یک جہتی کو فروغ ملے گا۔عرفان صدیقی نے سہہ روزہ قومی کتاب میلے کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلات سے وفد کو آگاہ کیا اور بتایا کہ نیشنل بک فاؤنڈیشن کے زیراہتمام یہ میلہ 22 سے 24 اپریل تک اسلام آباد میں جاری رہے گا جس میں ہر عمر کے افراد کی دلچسپی کے لئے پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں۔ تاکہ کتاب دوستی کا کلچر عام ہو۔ ایف پی سی سی آئی کے وفد نے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کی جانب سے قومی کتاب میلے کے انعقاد اور علمی وادبی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اقدامات کو سراہا اور اس ضمن میں اپنے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ وفد میں شامل معروف صنعتکار مرزا اختیار بیگ نے اقتصادیات پر اپنی تصنیف کردہ کتب کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کتاب کے فروغ کے لئے عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔ وفد میں ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر میاں شوکت مسعود،سجادسرور،عبدالرؤف، زبیر احمد ملک، مرزاعبدالرحمن، ملک سہیل حسین اور حسین صابری مرزا شامل تھے۔