خبرنامہ

حکومت ملکی دفاع کے لئے خود انحصاری کو اولین ترجیح دیتی ہے، رانا تنویر

کامرہ (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت ملکی دفاع کے لئے خود انحصاری کو اولین ترجیح دیتی ہے‘ پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس عالمی معیار کا ادارہ ہے‘ پی اے سی کامرہ کے باعث ملک کا دفاع مزید مضبوط ہوا ہے‘ جے ایف 17 طیاروں کی تیاری پی اے سی کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ منگل کو پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس میں ایک ہزارویں جہاز کی رولنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہزارویں طیارے کی مکمل اوورہالنگ پر خوشی ہے پی اے سی کامرہ قوم کے لئے فخر کی علامت ہے۔ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس عالمی معیار کا ادارہ ہے۔ پی اے سی کے عملے کی محنت‘ لگن اور خلوص قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی اے سی کامرہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اترا ہے توقع ہے کہ پی اے سی اپنی جدت اور معیار کو برقرار رکھے گا۔ پی اے سی نے طیارہ سازی اور پرزوں کی تیاری میں اپنا لوہا منوایا ہے۔ پی اے سی کامرہ کے باعث ملک کا دفاع مزید مضبوط ہوا ہے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ جے ایف 17 طیاروں کی تیاری پی اے سی کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے حکومت ملکی دفاع کے لئے خودانحصاری کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ پی اے سی کی ترقی میں چین کا خصوصی تعاون حاصل رہا ہے۔ چین کے تعاون سے پی اے سی کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے مواقع حاصل ہونگے۔ (ن غ)