خبرنامہ

حکومت ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرکے عوام کو نجات دلائے گی، میاں امتیازاحمد

رحیم یار خان۔7 نومبر(ملت + اے پی پی) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ میاں امتیازاحمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت 2018ء تک ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرکے عوام کو مستقل طور پر اس عذاب سے نجات دلائے گی۔ انہوں نے ان خیالات کااظہار عباس نگر رحیم یارخان میں بجلی کے منصوبے کے افتتاح کے بعد اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ16 لاکھ روپے کی لاگت سے 100 کے وی ٹرانسفارمر‘ 32 الیکٹرک پولز کی تنصیب کے منصوبے سے علاقہ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ چین کے تعاون اور اشتراک سے اس منصوبے کی بدولت پورے ملک میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی اور خاص طور پر ملک سے اندھیروں کے بادل چھٹ جائیں گے۔ گذشتہ 10‘ 15 سال کے عرصہ میں ماضی کی حکومتوں نے لوڈشیڈنگ اور دو سرے مسائل کا انبار لگادیا جنہیں حل کرنے کیلئے وزیراعظم محمدنواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔