خبرنامہ

حکومت ٹیکسوں پر نظرثانی کرنے کیلئے تیار ہے، ہارون اختر خان

حکومت ٹیکسوں

حکومت ٹیکسوں پر نظرثانی کرنے کیلئے تیار ہے، ہارون اختر خان

اسلام آباد(ملت آن لائن) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے محصولات وفاقی وزیر سینیٹر ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کے کسی شعبہ یا صنعت کی نشوونما میں رکاوٹ بننے والے ٹیکسوں اور ان کو موجودہ شرحوں پر نظرثانی کرنے کیلئے تیار ہے۔ بدھ کو ایف بی آر ہاؤس میں امریکن بزنس کونسل آف پاکستان کے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ معیشت کے مختلف شعبوں کی نمو اور خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور مقصد کے حصول میں حائل ٹیکس یا ان کی بلند شرح سے جنم لینے والے مسائل کی اصلاح کیلئے حکومت کاروباری طبقہ کے ساتھ مل بیٹھنے کو تیار ہے تاکہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ مزید محصولات کا حصول ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کارپوریٹ سیکٹر کیلئے ٹیکسوں کی شرح 35 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کر دی ہے اور اس ضمن میں آئندہ بجٹ کو سرمایہ کاری اور کاروبار دوست بنانے کیلئے صلاح مشورہ جاری ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امریکن بزنس کونسل آف پاکستان کے صدر کامران نشاط نے کہا کہ ان کے ادارے کے جانب سے کرائے گئے حالیہ سروے کے مطابق ملک میں سرمایہ کاری کیلئے دستیاب ما حول میں نمایاں بہتری آئی ہے جس کی بنیادی وجہ امن عامہ کی صورتحال میں بہتری کے علاوہ کاروبار کیلئے مزید آسانیوں کی دستیابی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ملک میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مزید فروغ کیلئے ہارون اختر خان کو اپنے ادارے کی جانب سے سفارشات بھی پیش کیں۔