خبرنامہ

حکومت ڈاکٹروں کو خصوصی پیکیج دینے پر غور کر رہی ہے: ممنون حسین

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں بہترین طبی سہولیات ،خاص طور پور دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو مہیا کرنے کے لیے پْرعزم ہے، حکومت طبی سہولتوں کو بہتر کرنے کے لیے مختلف اقدامات اور ڈاکٹروں کو دور دراز علاقوں میں کام کرنے کے لیے خصوصی پیکج دینے پر غور کر رہی ہے، طبی تعلیمی ادارے دنیا کے ممتاز تحقیقی اداروں کی تحقیق سے فائدہ اٹھائیں اور صحت کے شعبے میں اصلاح کرنے کے لیے حکومت کی مدد کریں۔ وہ منگل کے روز یہاں کنونشن سنٹر میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے دوسرے کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر مملکت برائے کیڈ ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد بھی اس موقع پرموجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں طبی سہولتوں کی عدم دستیابی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جس کی کئی وجوہات ہیں جن میں ہیلتھ انفرااسٹریکچر کی کمی اور ڈاکٹروں کا دور دراز علاقوں میں مراعات کی کمی کی وجہ سے نہ جانا شامل ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ حکومت طبی سہولتوں کو بہتر کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے اور ڈاکٹروں کو دور دراز علاقوں میں کلام کرنے کے لیے خصوصی پیکج دینے پر غور کر رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ نجی شعبے پر بھی یہ ذمہ داری عائید ہوتی ہے کہ وہ صحت کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے طبی تعلیمی اداروں پر ذور دیا کہ وہ دنیا کے ممتاز تحقیقی اداروں کی تحقیق سے فائدہ اٹھائیں اور صحت کے شعبے میں اصلاح کرنے کے لیے حکومت کی مدد کریں۔صدر مملکت نے کہ کہ طب ایک مقدس پیشہ ہے ، اس لیے ڈاکٹروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایمانداری اور د لجمعی سے انسانیت کی خدمت کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں کے بارے میں کم آگاہی اور کھانے پینے کی اجنبی روایات کے فروغ پانے کی وجہ سے نئے طبی مسائل اور امراض پیدا ہو رہے ہیں۔ انھوں نے ذور دیا کہ عوام میں حفظان صحت کے اصولوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کر نی چاہیے۔ اس سلسلے میں سول سوسائٹی اور ڈاکٹر اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت نے نرسنگ کے شعبے کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ انھوں نے طالبعلموں کو ڈگری کے کامیاب حصول پر مبارک باد دیتے ہوئے صدر مملکت نے ان پر ذور دیا کہ وہ اسی طرح محنت کرتے رہیں اور عملی زندگی میں قدم رکھنے کے بعد اپنے ملک و قوم کی سنجیدگی سے خدمت کریں۔ صددر مملکت نے طالب علموں کو نصیحت کی کہ وہ اپنے اساتذہ اور والدین کا ہمیشہ احترم کریں کیونکہ وہ ان کی دعاؤں اور قربانیوں کی وجہ سے کامیاب ہوئے ہیں۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ بدعنوانی ملک کی معاشی ترقی میں رکاوٹ ڈالتی ہے اور اس لعنت کو ختم کرنے کے لیے اجتماعی کوششوں پر ذور دیا۔ صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل پر پاکستان خطے کے اہم ترین ملک کی حیثیت سے ابھرے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بہترین تعلیم دینے کے لیے اعلیٰ تعلیم یافہ فیکلیلٹی ضروری ہے اور اس ضمن میں اساتذہ کی باقاعدہ تربیت پر ذور دیا۔ صدر مملکت نے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کو بہترین طبی تعلیم دینے پر سراہا اور یونیورسٹی کی تھیلسیمااور شمسی امراض کے سلسلے میں تحقیقی سرگرمیوں کی تعریف کی۔ صدر مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی اعلیٰ معیاری تعلیم برقرار رکھے گی اور یہ ادارہ مسلسل ترقی کرے گا اور پاکستان کی نیک نامی کا ذریعہ بنے گا۔ وائس چانسلر شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر جاوید اکرم نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔