اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹربابراعوان نے کہا ہے کہ حکومت ڈیموں کے حوالے سے ایوان بالا کو تفصیلی بریفنگ دینے کے لئے تیار ہے۔ منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر ثمینہ سعید کے سوال کے جواب میں مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ ذخائر میں ترسیب کی وجہ سے تربیلا ڈیم کی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت قلیل ہوچکی ہے۔ تربیلا ذخیرے کے ہائیڈرو گرافک سروے 2017ء کے مطابق آپریشن کے بعد تربیلا کے ذخیرے کی آنے والی اور کل ذخیرہ کرنے کی صلاحیتیں حسب ترتیب 37.524 فیصد اور 40.58 فیصد سے کم ہوچکی ہے۔ تربیلا کے ذخیرے میں ترسیب کے ازالے کے امکانات کی قدر پیمائی کیلئے واپڈا نے تربیلا ڈیم کے منصوبے کے نگران کے طور پر سال 1987ء، 1991ء، 1997ء، 1998ء، 1999ء، 2007ء، 2013ء اور 2014ء میں ترسیبی مطالعہ جات منعقد کیں۔ گاد کی صفائی غیر معاشی اور تکنیکی طور پر خطرناک ہے۔ موجودہ ڈھانچے پر اس کے اثرات حاوی ہوں گے جس کا نتیجہ دریا کے بہاؤ کے نظام میں بڑھتا ہوا انحراف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گاد کا داخلی بہاؤ ایک فطری عمل ہے اور اس کی مزاحمت نہیں کی جاسکتی تاہم حکومت پاکستان نے دیامر بھاشا کی تعمیر کیلئے اقدامات کئے ہیں جس سے تربیلا ڈیم میں رسوب کے داخلی بہاؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ متعلقہ حکام کو کہوں گا کہ ڈیمز کے حوالے سے ایوان کو تفصیلی بریفنگ دیں۔
خبرنامہ
حکومت ڈیموں کےحوالے سے ایوان بالاکوتفصیلی بریفنگ دینےکیلئےتیارہے، مشیرپارلیمانی امورڈاکٹر بابراعوان
