اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت کی توجہ ملکی ایشوز پر ہے اور ہم عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دے رہے ہیں جبکہ امریکیوں کے ویزوں کا ایشو پیپلزپارٹی کے ہی سابق سفیر نے دوبارہ سے اچھالا ہے ،ہمارا اس میں کوئی عمل دخل نہیں ہے ۔ وہ جمعہ کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ گیلانی صاحب نے اپنی پریس کانفرنس میں بھرپور لیڈر شپ کا مظاہرہ کیا ہے ، ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ ضرور منظر عام پر لانی چاہیے ۔ مصدق ملک نے کہا کہ حسین حقانی کے آرٹیکل کا اصل مقدمہ یہ ہے کہ امریکیوں کو ویزے اس لئے جاری کئے گئے کہ وہ پاکستان میں آکر جاسوسی کر سکیں ، یہ بہت غلط اقدام ہے اور ملک کیلئے انتہائی خطرباک بات ہوسکتی ہے ، اس تمام معاملے پر گیلانی صاحب اور ہمارے وزیر دفاع نے بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حسین حقانی کا آرٹیکل جمہوریت پر ایک حملہ ہے ہمیں تحقیقات کرنی ہوں گی تاکہ آئندہ ایسا نہ ہو۔ترجمان نے کہا کہ اسامہ بن لادن کا پاکستان میں ہونا بہت تشویشناک بات ہے اور امریکیوں کا یہاں پر آنا بھی اتنا ہی تشویشناک ہے ، غیر ملکی جاسوسوں کا ملک میں آنے کا ایک لمبا پراسس ہوتا ہے مگر اس تمام سسٹم کو بائی پاس کرکے امریکی جاسوسوں کو سہولت فراہم کی گئی ، اس معاملے پر ضرورت تحقیقات ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ ملکی ایشوز پر ہے اور ہم عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دے رہے ہیں ۔ (ن م)
خبرنامہ
حکومت کی توجہ ملکی ایشوز پر ہے
