ننکانہ صاحب (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی بہترین حکمت عملی اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کے بحث آج پاکستان کے طول وعرض میں امن کی فضاء قائم ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے 80 فیصد سے زائد دہشت گرد ی کے واقعات اور دہشت گردوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اورکومبنگ آپریشن کے ذریعے باقی ماندہ دہشت گردوں کا بھی خاتمہ کیا جارہا ہے ۔وہ ہفتہ کو یہاں ضلع ننکانہ کی تحصیل شاہ کوٹ کے نواحی قصبے سٹھیالی خرد میں گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر عوام سے خطاب کررہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پاکستان سفارتی محاذ پر انتہائی مضبوط ہو چکا ہے پوری دُنیا میں پاکستان کی دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے کی جانے کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ دُشمن کی پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی تمام تر کوششیں ناکامی سے دوچار ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی کی امن مشقوں میں 37 ممالک کی شرکت اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ بین الاقوامی دُنیا پاکستان کی قیام امن کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہیں اور اس امر کا بھی واضح ثبوت دیتے ہیں کہ پاکستان 2013 ء کی بانسبت انتہائی محفوظ اور مستحکم ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کا تمام ترکریڈٹ محمدنواز شریف کے وژن،حکومت کی بہترین پالیسیزز اور سیکیورٹی اداروں کی لازوال قربانیوں کو جاتا ہے۔
خبرنامہ
حکو مت کی کوششوں سے ملک میں امن کی فضا قائم ہو چکی ہے: برجیس
