خبرنامہ

خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف قانون پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں:‌مریم اورنگزیب

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف قانون پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں ‘ ہر ادارے میں ہراساں کرنے کے خلاف کمیٹی موجود ہونی چاہیے۔ غیرت کے نام پر قتل کے خلاف بھی تاریخی قانون سازی کی ہے ‘ موجودہ حکومت کی بنیادی توجہ خواتین کو با اختیار بنانے پر ہے ‘ معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ خواتین کو پر اعتماد بنائے۔ بدھ کو سرکاری ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ خواتین کے حقوق سے متعلق قانون سازی سے آگاہی پیدا کی ہے۔ خواتین میں ان کے ووٹ کے حق کا شعور پیدا کیاہے۔ موجودہ حکومت کی بنیادی توجہ خواتین کو بااختیار بنانے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کام کرنے کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف قانون پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں۔ ہر ادارے میں ہراساں کرنے کے خلاف کمیٹی موجود ہونی چاہیے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ خواتین کو تحفظ فراہم کیا جائے تو انہیں آسانی سے بااختیار بنایا جا سکتا ہے۔ غیرت کے نام پر قتل کے خلاف بھی تاریخی قانون سازی کی ہے۔ تربیتی پروگرامز میں خواتین کے حقوق پر زیادہ توجہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ خواتین کو پر اعتماد بنائے۔ پارلیمنٹ کی سطح پر خواتین کے حقوق کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔ خواتین پر آزادی کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے۔ ۔۔۔(رانا)