خبرنامہ

خواتین کی صحت پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں: سائرہ افضل تارڑ

خواتین کی صحت پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں: سائرہ افضل تارڑ
اسلام آباد: (ملت آن لائن) وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان خواتین کی ترقی بالخصوص صحت پر خصوصی توجہ دے رہا ہے، کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک مستحکم اقتصادی ترقی کا ہدف حاصل نہیں کر سکتا جب تک خواتین کو اپنی صلاحتیں بروئے کار لانے کا موقع فراہم نہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آئس لینڈ کے شہر رکاّوک میں منعقد ہونے والے خواتین سیاسی رہنماؤں کے عالمی اجلاس میں شرکت کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کی قیادت میں خصوصی پارلیمانی وفد نے خواتین سیاسی رہنماؤں کے اس اہم عالمی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان خواتین کی ترقی بالخصوص صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک مستحکم اقتصادی ترقی کا ہدف حاصل نہیں کر سکتا جب تک خواتین کو اپنی صلاحتیں بروئے کار لانے کا موقع فراہم نہ کیا جائے اور اس سلسلے میں حکومت ٹھوس پالیسی سازی نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی اور اقتصادی ترقی کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہو گا اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا ہو گا۔ عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ایک کروڑ 80 لاکھ خواتین د نیا بھر میں غیر متعدی امراض کے نتیجے میں موت کا شکار ہوتی ہیں۔ یہ تعداد مردوں کے مقابلے میں دوگنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین آبادی کا 51 فیصد ہیں جبکہ افرادی قوت میں ان کا حصہ 22 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا سیاسی عمل میں خواتین کے کردار کو بڑھایا جا رہا ہے۔ پاکستان کی موجودہ پارلیمنٹ میں 87 خواتین موجود ہیں۔ علاوہ ازیں پچھلے دو الیکشن میں خواتین ووٹرز کی تعداد میں خاطرخواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ حال ہی میں الیکشن کے قانون میں ترمیم کے نتیجے میں سیاسی جماعتوں کو عمومی نشستوں پر خواتین کو 5 فیصد ٹکٹیں دینے کا پابند بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں موجود خواتین کا کس نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے اور قانون سازی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ سائرہ افضل تارڑ نے اجلاس کو بتایا کہ پاکستان میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام خواتین میں غربت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ پرائم منسٹر نیشنل ہیلتھ پروگرام میں خواتین کی صحت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور زچہ و بچہ کے حوالے سے خصوصی پیکج تشکیل دیا گیا ہے۔