اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کی زیر صدارت واٹر پالیسی ‘ نیپرا ایکٹ میں ترمیم اور فلڈ کمیشن کے فنڈز سے متعلق ہونے والا وزر اعلیٰ کا اجلاس بے نتیجہ ختم‘ وزیراعلیٰ پنجاب اور سندھ مصروفیات کے باعث شریک نہ ہوسکے‘ وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ ہم اپنے معاملات افہام و تفہیم سے حل کریں گے‘ بجلی چوری سے متعلق وفاق کی صوبوں سے کوئی شکایت نہیں‘ اجلاس میں پیش رفت ہوئی ہے‘ معاملات کو حتمی شکل دینے کے لئے وزراء اعلیٰ کا ایک اور اجلاس ہوگا‘ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ ہم صوبے کے مفادات پر کوئی سودے بازی نہیں کریں گے تاہم ملکی معاملات پر وفاق کے ساتھ کھڑے ہیں‘ اپنے تحفظات سے متعلق وفاق کو آگاہ کردیا ہے‘ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری نے کہا کہ خواجہ آصف کی تمام باتوں سے اتفاق کرتا ہوں ،اجلاس میں جو جو باتیں ہوئیں ان پر متفق ہوں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو یہاں وزارت پانی و بجلی میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کی زیر صدارت واٹر پالیسی ‘ نیپرا ایکٹ میں ترمیم اور فلڈ کمیشن کے فنڈز سے متعلق صوبائی وزراء اعلیٰ کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ اجلاس میں مصروفیات کی بناء پر وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ سندھ شرکت نہ کرسکے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اجلاس میں شرکت پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے شکر گزار ہیں۔ لاہور اور کراچی میں بھی دعوت نامے بھیجے گئے تھے تاہم دونوں وزراء اعلیٰ اپنی مصروفیات کے باعث شرکت نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کی طرف سے کچھ نکات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ مشترکہ مفادات کونسل کی ہدایت کے مطابق اس سلسلے میں آج پہلا اجلاس تھا۔ اجلاس اچھے ماحول میں ہوا اور ایشوز پر کافی پیش رفت ہوئی ہے۔ صوبوں کے مفادات کو مدنظر رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں واٹر پالیسی‘ نیپرا ایکٹ میں ترمیم اور فلڈ کمیشن کے اگلے دس سال کے فنڈز مختص کرنے سے متعلق ایجنڈا زیر بحث آیا۔ اس سلسلے میں ایک تکنیکی اجلاس ہوگا جس میں چاروں صوبوں کی بیوروکریسی شرکت کرے گی اور آپس میں اتفاق رائے پیدا کرے گی اس کے بعد چاروں وزراء اعلیٰ کا اجلاس ہوگا۔ سی سی آئی کے اگلے اجلاس میں ان معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری سے متعلق وفاق کی صوبوں سے کوئی شکایت نہیں ہے۔ ہم اپنے معاملات افہام و تفہیم سے حل کریں گے۔ میڈیا میں وفاق اور صوبوں میں جنگ کی باتیں پھیلائی گئی ہیں جو درست نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ ہم صوبے کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے تاہم ملکی مفادات پر وفاق کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں نے نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے اپنے تحفظات سے متعلق وفاق کو آگاہ کردیا تھا۔ آج کے اجلاس میں کچھ معاملات پر اتفاق رائے پیدا ہوا ہے امید ہے باقی معاملات بھی افہام و تفہیم سے حل ہوجائیں گے۔ اگر میڈیا چاہتا ہے کہ نیپرا اور وزارت کے درمیان جھگڑا ہو تو ایسا نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری نے کہا کہ آج جن جن معاملات پر اجلاس میں بات ہوئی ہم ان پر متفق ہیں۔ (ن غ/ ا ر)
خبرنامہ
خواجہ آصف کی زیر صدارت بے نتیجہ ختم
