اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) خورشید شاہ آج اپنی 64 ویں سالگرہ منارہے ہیں جب کہ اس موقع پر پرویز رشید اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان پاناما کیس کے حوالے سے دلچسپ جملوں کا تبادلہ ہوا ہے۔
ملک میں جہاں ہر کوئی پاناما کیس کے فیصلے کا انتظار کررہا ہے وہیں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ آج اپنی سالگرہ منارہے ہیں اور حیران کن طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراطلاعت پرویز رشید خورشید شاہ کی سالگرہ کا کیک لیکر پہنچے جہاں دونوں کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
کیک کاٹتے وقت خورشید شاہ نے کی دعا کہ اللہ کرے ملک میں امن و استحکام آئے۔ صحافی کی جانب سے سوال پر کہ آپ کی سالگرہ کے دن پاناما کا فیصلہ آ رہا ہے، کیا توقع رکھتے ہیں، جس پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ میری سالگرہ اور پاناما الگ الگ باتیں ہیں۔
اسی دوران پرویز رشید نے کہا کہ خورشیدشاہ کی سالگرہ ہر سال آتی ہے لیکن پانامہ آج ختم ہوجائے گا، خورشید شاہ ہزاروں سال جئیں اور ساری زندگی اپوزیشن لیڈر رہیں، اس دوران یہ ہماری رہنمائی اور کان بھی کھینچتے رہیں جس پر خورشید شاہ بولے کہ یہ مجھے کسی اور کے آگے جھونک رہے ہیں۔