خبرنامہ

خیبرپختونخوا جل رہا ہے اور عمران خان جھوٹ کی بانسری بجارہے ہیں، سعد رفیق

زرداری صاحب

خیبرپختونخوا جل رہا ہے اور عمران خان جھوٹ کی بانسری بجارہے ہیں، سعد رفیق

لاہور:(ملت آن لائن) وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ دوسروں پر بہتان لگانے والی پی ٹی آئی نے کبھی اپنی کوتاہی یا نااہلی تسلیم نہیں کی جب کہ خیبرپختونخوا جل رہا ہے اور عمران خان جھوٹ کی بانسری بجارہے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان کا خیبرپختونخوا سے رشتہ محض سرکاری وسائل کے بے محابا استعمال تک محیط ہے، کے پی جل رہا ہے لیکن عمران خان جھوٹ کی بانسری بجارہے ہیں جب کہ کے پی پولیس کی نا اہلی کے بارے میں سپریم کورٹ کے ریمارکس پر تحریک انصاف گونگی کیوں ہوگئی ہے۔ وزیرریلوے نے کہا کہ مشعال ، اسما اور عاصمہ کے قاتلوں کو پکڑنے میں ناکامی صوبائی حکومت کی بیڈ گورننس کے نمونے ہیں، دوسروں پر بہتان لگانے والی پی ٹی آئی نے کبھی اپنی کوتاہی یا نااہلی تسلیم نہیں کی جب کہ دوسروں کو عدالتی ریمارکس کے طعنے دینے والے اپنی نااہلی کا اعتراف کریں۔

………………………..

اس خبر کو بھی پڑھیے…اثاثہ جات ریفرنس: پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ بطور گواہ پیش نہ ہوئے

اسلام آباد:(ملت آن لائن) پاناما اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے قائم ہونے والی جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کے سلسلے میں بطور گواہ احتساب عدالت میں اب تک پیش نہ ہوئے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت میں اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی افسر سدرہ منصور نے اضافی دستاویزات جمع کرا دیں۔ سدرہ منصور نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار کی کمپنیوں سے متعلق 2 دستاویز رہ گئی تھیں، جو آج جمع کرائی گئی ہیں۔ اثاثہ جات ریفرنس: اسحاق ڈار کے خلاف ایس ای سی پی افسر سدرہ منصور کا بیان ریکارڈ یاد رہے کہ سدرہ منصور گذشتہ روز بھی احتساب عدالت میں پیش ہوئی تھیں اور انہوں نے بیان ریکارڈ کروایا تھا. سدرہ منصور نے عدالت کو بتایا تھا کہ اسحاق ڈار کے اثاثوں میں 1993 سے 2009 کے دوران 91 گنا اضافہ ہوا۔ ایس ای سی پی کے ایک اور گواہ سلمان سعید کو بھی گذشتہ روز طلب کیا گیا تھا، لیکن وہ پیش نہ ہوئے، آج کی سماعت میں سلمان سعید نے ریکارڈ پیش کرنے کے لیے کچھ دیر کی مہلت مانگی، جس کے بعد سماعت میں گیارہ بجے تک کا وقفہ کر دیا گیا۔
کیس کا پس منظر
سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے پاناما کیس فیصلے کی روشنی میں نیب نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کیا ہے۔ سپریم کورٹ کی آبزرویشن کے مطابق اسحاق ڈار اور ان کے اہل خانہ کے 831 ملین روپے کے اثاثے ہیں جو مختصر مدت میں 91 گنا بڑھے۔
اثاثہ جات ریفرنس: اسحاق ڈار مسلسل غیرحاضری پر اشتہاری قرار
گذشتہ برس 27 ستمبر کو احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کی تھی تاہم اسحاق ڈار نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار 7 مرتبہ احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوچکے ہیں۔ تاہم بعدازاں مسلسل غیر حاضری پر احتساب عدالت نے 11 دسمبر 2017 کو اسحاق ڈار کو اشتہاری ملزم قرار دے دیا تھا۔ سابق وزیرخزانہ اِن دنوں علاج کی غرض سے بیرون ملک مقیم ہیں۔