اسلام آباد(ملت آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیزکا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے آئینی اداروں کی لاشیں بکھیر دی ہیں جب کہ ن لیگ کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیزنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ تین سال پہلے جاری ہوئے، عمران خان سپریم کورٹ سمیت کسی عدالت میں پیش نہیں ہوتے اور نا ہی ان کا کوئی وکیل پیش ہوتا ہے، ان کوکوئی پوچھنے والا بھی نہیں ہے۔ انہوں نے 10 ارب کے جھوٹے دعوے کا بھی جواب نہیں دیا، ہمیں الیکشن کمیشن کے صبر پر بھی حیرانی ہے، عمران خان الیکشن کمیشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں، اب حیلے بہانوں سے کام نہیں چلے گا اور جواب دینا ہوگا۔
دانیال عزیز نے کہا کہ (ن) لیگ کو دیوارسے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ایسا ہو نہیں پا رہا، جب کوئی ہمیں گالی دیتا ہے تو اس کا جواب دینا آتا ہے،2010 میں عمران خان کی کیاحیثیت تھی، پی ٹی آئی نے آئینی اداروں کی لاشیں بکھیردی ہیں۔ عمران خان کے خلاف گھیرا تنگ ہورہا ہے۔
دانیال عزیزنے کہا کہ عمران خان کو جوشبہ ہے وہ ہمیں پتہ ہے، یہ سب پر انگلیاں اٹھاتے ہیں ان کے دل میں چور ہے، پہلے دن سے عمران خان جمہوریت کے مخالف ہیں۔