اسلام آباد(ملت آن لائن)مسلم لیگ(ن) کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی سونامی من وعن نہیں بلکہ صرف سوشل میڈیا پر ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی تمام کارروائیاں منفی ہیں اور ان کے لیڈر عمران خان ہمیشہ اداروں پر حملے کرتے رہتے ہیں اور خود کو قانون سے بالا تر سمجھتے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ(ن) نے کہا کہ آج پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کا آرڈر مسترد کر دیا اور عمران خان نےسپریم کورٹ کو بھی جواب دینے سے انکار کر دیا وہ پھر بھی آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں اور کوئی پوچھنےوالا نہیں جب کہ کیس میں جس کا نام ہی نہیں ہے اس کو ہر عدالت میں گھسیٹا جارہا ہے۔
دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ عدالت کے سامنے پی ٹی آئی کی جانب سے آڑھے ٹیڑھے جواب دیئے جا رہے ہیں اورانہیں جہاں بلایا جائے کہتے ہیں ہم آپ کو جواب دینے کے مجاز نہیں سپریم کورٹ نے منی ٹریل مانگی تو کہا جاتا ہے کہ ہم جواب نہیں دیں گے جب کہ عمران خان حیلے بہانے کر کےمہلت مانگ رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ نوازشریف نیشنل سیکیورٹی رسک ہے، یہ پاکستانی عوام کو بےوقوف نہ سمجھیں، ہمیں سب پتہ ہے کہ یہ کون سی زبان بولی جا رہی ہے اور ہوا کہاں سے چل رہی ہے۔