دنیا میں دھرنوں کی ضرورت نہیں ہے، احسن اقبال
اسلام آباد(ملت آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات احسن اقبال نے کہاہے کہ ہمیں دنیا میں آگے بڑھنے اور اپنے مسائل کے حل کے لئے دھرنوں پر نہیں سیاسی و معاشی استحکام پر کل جماعتی کانفرنس ’’اے پی سی‘‘ کرنے کی ضرورت ہے، آج کا دور معاشی نظریات اور معیشت میں شرح نمو میں مقابلے بازی کا ہے، دنیا میں وہی قومیں آگے بڑھ رہی ہیں جو مقابلے بازی میں ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کر رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پلاننگ کمیشن میں پی سی ون آٹو میشن سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ منصوبے کے تحت کسی بھی منصوبے کے پی سی ون کو آن لائن کیا جا رہا ہے ،آنے والے وقتوں میں وزارت منصوبہ بندی کی کارکردگی اور استعداد کار بہتر ہو گی،ساڑھے چار سالوں میں ترقیاتی منصوبوں کے دوبارہ جائزہ اور موثر منصوبہ بندی سے قومی خزانے کے 660 ارب روپے بچائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ علم پر مبنی معیشت کے لئے ٹیکنالوجی کا حصول اور فروغ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی سی ون کو خودکار بنانا ایک تاریخی سنگ میل ہے، پی سی ون کو خودکار بنانے سے وقت اور وسائل کی بچت اور منصوبوں کی نگرانی میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ پی سی ون آٹومیشن حکومت کی جانب سے معیشت کو ڈیجیٹل بنانے کے عزم کا ثبوت ہے، حکومت اپنے وعدوں اور منشور کی روشنی میں ڈیجیٹل پاکستان کے لئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چند سال قبل جب ڈیجیٹل پاکستان کے لئے لیپ ٹاپ اسکیم کا اجراء کیا گیا تو لوگوں نے طرح طرح کی باتیں کیں، آج لیپ ٹاپ اسکیم اور ڈیجیٹل پاکستان کے لئے کئے گئے اقدامات کی بدولت پاکستان دنیا بھر میں انٹرنیٹ کے ذریعے فری لانسنگ خدمات مہیا کرنے والا چوتھا بڑا ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے ای آر پی، کلاؤڈ ڈیٹا، بگ ڈیٹا اور ایک لاکھ نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت دینے کے لئے ایک ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی ہے۔دنیا میں وہی قومیں آگے بڑھ رہی ہیں جو مقابلے بازی میں ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کر رہی ہیں اقدامات کی بدولت پاکستان دنیا بھر میں انٹرنیٹ کے ذریعے فری لانسنگ خدمات مہیا کرنے والا چوتھا بڑا ملک بن چکا ہے ساڑھے چار سالوں میں ترقیاتی منصوبوں کے دوبارہ جائزہ اور موثر منصوبہ بندی سے قومی خزانے کے 660 ارب روپے بچائے ہیں-