خبرنامہ

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی :نواز شریف

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیر اعظم نواز شریف نے جرمنی کے شہر برلن کی کرسمس مارکیٹ میں ٹرک سے شہریوں کو کچلنے کی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ دہشتگردی مشترکہ دشمن ہے جس کے خاتمے کیلئے تمام ممالک کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی ۔ وزیراعظم نواز شریف نے جرمنی کے شہر برلن میں دہشتگردی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے جہاں پر کرسمس مارکیٹ میں ٹرک شہریوں پر چڑھ دوڑا ۔ واقعے میں نو افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے ۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستانی عوام حکومت دکھ کی اس گھڑی میں جرمن حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے ۔ دہشتگردی مشترکہ دشمن ہے ، دنیا کو اس لعنت کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی ۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بھی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بہت زیادہ جانی و مالی نقصان ہوا ، لیکن دہشتگردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے گا ۔