خبرنامہ

دہشت گردوں اور دہشت گرد تنظیموں کو رقوم کی فراہمی روکنے کے لئے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور دہشت گرد تنظیموں کو رقوم کی فراہمی روکنے کے لئے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے تحت ایف آئی اے حوالہ اور ہنڈی کے خلاف کارروائی کر رہی ہے، مشکوک ترسیلات زر کی رپورٹ پر ایکشن لیا جاتا ہے، ٹاسک فورس این جی اوز اور خیراتی اداروں کی نگرانی کے لئے جامع قانون سازی کے لئے مسودہ تیار کرے گی۔ جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر سحر کامران کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمان نے ایوان کو بتایا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردوں اور دہشت گرد تنظیموں کو رقوم کی فراہمی روکنے کے لئے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں، اس سلسلے میں بنکوں سے رقوم کی ترسیل پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ 4461 اکاؤنٹس منجمد کئے گئے جن کی تحقیقات کی جارہی ہیں، ان اکاؤنٹس میں 40 کروڑ روپے کی رقم تھی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت 1865 دہشت گرد مارے جاچکے ہیں، 5611 گرفتار ہوئے ہیں جبکہ 414 کو پھانسی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بنک نے تمام بنکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بائیو میٹرک مشینیں نصب کریں تاکہ صارفین فوری تصدیق ہو سکے۔ اس اقدام سے بے نامی اکاؤنٹس کھولنے کے امکانات ختم ہو جائیں گے۔