دہشت گردی اور ماحولیاتی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹا جا سکتا ہے: احسن اقبال
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت 3 خطوں کو آپس میں ملاتی ہے۔ دہشت گردی اور ماحولیاتی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹا جا سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ایک گلوبل ولیج بنتی جارہی ہے۔ ہماری ثقافت کی جڑیں وسطی ایشیائی ممالک تک پھیلی ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو جغرافیائی اعتبار سے منفرد حیثیت حاصل ہے۔ پاکستان و وسطی ایشیائی ممالک میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت 3 خطوں کو آپس میں ملاتی ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور ماحولیاتی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹا جا سکتا ہے۔ دنیا کو پرامن بنانا اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے۔ پاکستان خطے میں کئی دہائیوں سے سیاسی تنازعات کا شکار رہا۔ باہمی تعاون کے نظریے پر چلنے والے ممالک آج کامیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر خطے کا آبی تجارتی مرکز بن رہا ہے۔ سی پیک سے خطے میں دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ سی پیک معاشی ترقی کے حصول کی طرف ایک قدم ہے۔ احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے مختلف حصوں میں صنعتی زونز قائم کیے جا رہے ہیں۔ تاپی منصوبہ بھی جلد از جلد مکمل ہوجائے گا۔ چین پاکستان میں مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر سرمایہ کاری کر رہا ہے۔