خبرنامہ

دہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پایا جاچکا ہے: مریم

راولپنڈی: (ملت+آئی این پی) وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سال میں دہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پایا جاچکا ہے‘ فورسز کی قربانیوں کی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ‘ پاکستان دہشت گردوں کے ساتھ مثالی ترقی کے حصول کے لئے بھی لڑرہا ہے‘ 19 سے 25 دسمبر تک قائد اعظم کی سالگرہ کی تقریبات منائی جائیں گی۔ وہ جمعرات کو آئیڈیل سٹوڈنٹس ایکسپو سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تین دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف لڑرہا ہے۔ پاکستان گزشتہ تین سال میں دہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پاچکا ہے۔ فورسز کی قربانیوں کی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ دہشت گردوں نے بچوں کو شہید کیا‘ دہشت گردوں کی بربریت کے باوجود طلبہ اور ان کے والدین نے حوصلہ نہیں ہارا۔ پاکستان دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ مثالی ترقی کے حصول کی جنگ بھی لڑرہا ہے۔ اسلام آباد کے سکولوں کی اپ گریڈیشن اور اساتذہ کی بہتری کے لئے کام جاری ہے۔ وزیراعظم نے طلبہ کے لئے فیس واپسی پروگرام بھی شروع کررکھا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ انیس سے پچیس دسمبر تک قائد اعظم کی سالگرہ کی تقریبات منائی جائیں گی۔ تقریبات کے دوران تقریری مقابلے اور دوسری سرگرمیاں ہوں گی۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ہمیں اپنی اقدار کو نہیں بھولنا چاہئے۔ انہوں نے کہا نوجوانوں کی ترقی اور روزگار کے لئے وزیراعظم یوتھ لون پروگرام شروع کیا گیا۔ سویٹ ہومز میں تمام بچوں کے لئے یکساں مواقع ہیں۔ تقریب میں طیارے حادثے میں جاں بحق افراد کے لئے دعا مغفرت بھی کی گئی۔ (ن غ)