راجہ ظفر الحق کمیٹی کی سفارشات منظرِ عام پر لانے کا فیصلہ، اعلامیہ
اسلام آباد: (ملت آن لائن) اسلام آباد میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری مذہبی جماعتوں کا دھرنا ختم کرانے کیلئے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں اس معاملے کے حل کیلئے ایک مذاکراتی ٹیم بنانے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت دھرنا قائدین کے مطالبے پر حکومت ذمے دار کے خلاف کارروائی پر بھی رضامند ہو گئی ہےاجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت ﷺ ہمارے دین کی اساس ہے۔ ختمِ نبوت ﷺ کے حوالے سے کسی قسم کی غلطی یا لعزش کی گنجائش نہیں ہے۔ اپیل کرتے ہیں کہ راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں کمیٹی کی تحقیقات سامنے لائی جائیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ اجلاس اطمینان کا اظہار کرتا ہے کہ 2002ء میں پیدا ہونے والا سکم دور کر لیا گیا ہے۔ تحریک لبیک یا رسول اللہ سے اپیل کرتے ہیں کہ مسئلے کو افہام وتفہیم سے حل کیا جائے کیونکہ ربیع الاول کے مہینے میں سازگار ماحول ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں زور دیا گیا کہ حکومت حتی الامکان آپریشن سے گریز کرے اور دھرنے سے متعلق معاملہ افہام تفہیم سے حل کیا جائے۔ علمائے کرام کا کہنا تھا کہ ہماری محنت آج رات سے شروع ہو گی۔ 24 گھنٹے میں قوم کو خوشخبری سنائیں گے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیرِ داخلہ چودھری احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج کا اجلاس ہنگامی بنیادوں پر طلب کیا گیا تھا۔ کچھ علمائے کرام شہر میں نہ ہونے کی وجہ سے نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی اسلام اور کفر کی جنگ نہیں، دونوں اطراف ختم نبوت ﷺ پر یقین رکھنے والے ہیں۔ جذبے کیساتھ مسئلے کو حل کرنا چاہیں تو گھنٹوں میں کر سکتے ہیں۔ امید کرتا ہوں دوسری طرف سے بھی اسی جذبے کا اظہار ہو گا۔ وزیرِ داخلہ نے کہا کہ بعض حلقوں کی طرف سے شکوک وشہبات اٹھانے پر راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں کمیٹی بنائی تھی۔ کوشش کریں گے راجہ ظفر الحق کی کمیٹی اپنا کام جلد مکمل کرے۔ اجلاس میں اتفاق پایا گیا ہے کہ راجہ ظفر الحق کمیٹی کی سفارشات منظر عام پر لائی جائیں۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق حکومت اور دھرنا قائدین نے ایک مذاکراتی کمیٹی بنانے پر اتفاق کر لیا ہے جس میں تمام مسالک کے علماء شامل ہونگے۔ اس کمیٹی کی صدارت پیر حسین الدین کرینگے۔ مذاکراتی کمیٹی معاملہ کا درمیانی راستہ نکالے گی۔راجہ ظفر الحق کمیٹی کی سفارشات منظرِ عام پر لانے کا فیصلہ، اعلامیہ
خبرنامہ
راجہ ظفر الحق کمیٹی کی سفارشات منظرِ عام پر لانے کا فیصلہ، اعلامیہ
