خبرنامہ

راجہ محمد ظفر الحق کی فلسطینی سفیر ولید احمد ابو علی سے ملاقات

اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق نے پاکستان میں فلسطین کے سفیر ولید احمد ابو علی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ فلسطینی سفیر ولید ابو علی نے قائد ایوان کو مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسرائیل کی غیر قانونی طریقے سے تعمیرات کی سرگرمیوں کو روکے جانے کے فیصلے کے بعد اس معاملے کو عالمی فوجداری عدالت میں لے جانے کامعاملہ زیر غور ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسرائیل کو مذکورہ قرار داد عمل درآمد پر مجبور کرنے کے لئے بین الاقوامی سطح پر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ قائد ایوان سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے فلسطین کے سفیر کو یقین دلایا کہ اسرائیلی رہائشی بستیوں کی تعمیر کے خلاف اقوام متحدہ کی قرار داد پر عملدرآمد کرانے کے لئے پاکستان دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر سفارتی جدوجہد کو جاری رکھے گا۔