خبرنامہ

رواں سال پولیو کے صرف 8 کیسز سامنے آئے، سائرہ افضل تارڑ

رواں سال پولیو

رواں سال پولیو کے صرف 8 کیسز سامنے آئے، سائرہ افضل تارڑ

اسلام آباد(ملت آن لائن) وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ 2013ء میں جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت پولیو ایک پھیلتا ہوا چیلنج تھا تاہم حکومت کی جانب سے کی گئی کوششوں کی بدولت 2017ء میں پولیو کے صرف آٹھ کیسز سامنے آئے جبکہ رواں سال کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ 2018ء میں دوسری پولیو مہم کے آغاز پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ، دہشت گردی، کراچی میں امن و امان کی صورتحال پولیو کے چیلنج سے بھی ٹھوس فیصلوں، عزم اور بہتر حکمرانی سے نمٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے چار اضلاع قلع عبداﷲ، قلع سیف اﷲ، ژوب، شیرانی اور کراچی میں پولیو مہم کا آغاز 19فروری کو ہوگا۔ ضلع لودھراں میں پولیو مہم کا آغاز 14 فروری کو ضمنی الیکشن کے بعد ہوگا۔ انسداد پولیو مہم پروگرام کے تحت ملک بھر میں پانچ سال سے کم عمر 38.37 ملین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جن میں سے 19.15 ملین پنجاب، 8.7 ملین سندھ، 5.7 ملین کے پی کے، 2.46 ملین بلوچستان، 1.03فاٹا، 0.74 ملین آزاد جموں کشمیر، 0.237 گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے 0.313 ملین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔