لاہور:(ملت+اے پہی پی) وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ 27 دسمبر اور پیپلزپارٹی کی گزارشات آنے دیں عوام دیکھیں گے 27 دسمبر بھی خیروعافیت سے گزر جائے گا جب کہ آصف زرداری ملک میں رہ کر بلاول کی سیاسی تربیت کریں، لاہور ریلوے اسٹیشن پر خصوصی کرسمس امن ٹرین دیکھنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو جب موقع ملا انہوں نے ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کی کوشش کی یہ حکومت کے مربوط اقدامات اور مثبت پالیسیوں کا ہی نتیجہ ہے کہ دہشت گردی کی کمر توڑدی گئی اور کراچی اور بلوچستان کا امن بحال ہوا، حکومت توانائی بحران کے مسائل پر قابو پانے کیلئے مختلف مربوط اقدامات کررہی ہے اور جلد ہی بجلی بحران بھی ختم ہوجائے گا۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری 18 ماہ بعد وطن واپس آئے جس کی خوشی ہے وہ پارٹی معاملات سنبھالیں اوربلاول کی سیاسی تربیت کریں، ان کے خلاف سخت بات نہیں کرسکتا بلکہ مولا بخش چانڈیو کی بھی کوئی بات بری نہیں لگتی وہ ہمارے دوست ہیں، 27 دسمبر اور پیپلزپارٹی کی گزارشات آنے دیں پھر دیکھیں گے 27 دسمبر بھی خیرو عافیت سے گزر جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسیحی برادری پاکستان کی ترقی میں اہم کردار رہا ہے انہیں دہشتگردی کا نشانہ بھی بنایا گیا لیکن پیچھے نہیں ہٹے، پاکستان کا آئین اورجھنڈا اقلیتوں کے تحفظ کا علم بردار ہے، پاکستان ریلوے نے کرسمس کے موقع پر مسیح برادری کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لئے کرسمس امن ٹرین چلائی ہے اور دنیا میں یہ پہلی بار ہوا ہے۔
خبرنامہ
زرداری ملک میں رہ کر بلاول کی سیاسی تربیت کریں؛ سعد
