زرداری کے خلاف کیسز کا ریکارڈ غائب ہوگیا، دانیال عزیز
اسلام آباد (ملت آن لائن) وفاقی وزیر نجکاری و مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیزنے کہا ہے کہ آصف زرداری کے کیسز کا سارا ریکارڈ احتساب عدالت سے غائب ہوگیا ہے، راجا پرویز اشرف کے کیس میں 4 سال میں 4 گواہ پیش ہوئے، کیا یہی احتساب ہے والیم 10 پبلک نہیں کیا جارہا ۔ منگل کو اسلام آباد کی احتساب عدالت آمد سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے کیسز کا سارا ریکارڈ احتساب عدالت سے غائب ہوگیا ہے۔ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے کیس میں 4 سال میں 4 گواہ پیش ہوئے جب کہ سابق صدر آصف زرداری کے کیسز کا ریکارڈ عدالت سے غائب ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ والیم 10 کو پبلک نہیں کیا جارہا ہے، کیا یہی احتساب ہے۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹرمشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے حوصلے بلند ہیں اور ابھی تک سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سمیت کسی کو بھی یہ سمجھ نہیں آرہی کہ انہیں کن گناہوں کی سزا دی جارہی ہے۔ منگل کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کرپشن کا کیس نہیں ہے اور اس کا ثبوت یہ ہے کہ سپریم کورٹ نے نوازشریف کو کرپشن کی بجائے اقامہ پر سزا دی ہے، وہاں سے انہیں کلین شیٹ بھی مل گئی ہے۔مشاہداللہ خان نے کہا کہ ہماری نظر میں نواز شریف نے جو گناہ کئے ہیں وہ یہ ہیں کہ نواز شریف نے پاکستان کا وقار بلند کیا ، پاکستان سے اندھیروں کو مٹایا ،دہشت گردی کو ختم کیا ،سڑکیں بنائیں،موٹرویز بنائے، ایئرپورٹ بنائے،سٹاک ایکسچینج ،جی ڈی پی اور تمام اکنامک اشاریے مثبت ہیں اور اسے ساری دنیا مانتی ہے۔