خبرنامہ

زرداری ہاؤس پر چھاپہ ماریں راؤ انوار مل جائے گا، عابد شیرعلی

زرداری ہاؤس پر چھاپہ ماریں راؤ انوار مل جائے گا، عابد شیر علی

کراچی:(ملت آن لائن) وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ اگر زرداری ہاؤس اسلام آباد پر چھاپہ مارا جائے تو راؤ انوار مل جائے گا۔ کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی کو ان کے نازیبا کلمات کی سزا ملی، جس دن انہوں نے توہین عدالت کی اسی روز نواز شریف نے ایکشن لیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ راؤ انوار معصوم لوگوں کا قاتل ہے، زرداری ہاوس اسلام آباد پر چھاپہ ماریں راؤ انوار مل جائے گا۔ عابد شیر علی نے کہا کہ سندھ کے حکمران چور اور لٹیرے ہیں، عوام کے اربوں روپے ہڑپ کر چکے ہیں تاہم ایک ایک پائی کا حساب لیں گے، پیپلز پارٹی کو وقت دیا اب قوم ان کا احتساب کرے۔

……………………………

اس خبر کو بھی پڑھیے…خدارا ایسے فیصلے کریں جس سے خوف کے بجائے عزت بڑھے، طلال چودھری

اسلام آباد:(ملت آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے نہال ہاشمی کی نااہلی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدارا ایسے فیصلے کریں جس سے خوف کے بجائے عزت بڑھے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے (ن) لیگ کے رہنما طلال چودھری کا کہنا ہے کہ کالے کوٹ والے کس طرح عدالتوں پر حملہ کرتے اور دروازے توڑتے ہیں، اس پر تو کوئی کارروائی نہیں ہوتی، توہین عدالت کے اتنے سارے کیسز ہیں، جب کوئی معافی مانگ لیتا ہے تو عدالت معاف کردیتی ہے، تو کیا سارے فیصلے (ن) لیگ والوں کے خلاف ہی ہوں گے۔
نہال ہاشمی توہین عدالت پر 5 سال کیلئے نااہل، ایک ماہ قید
طلال چودھری نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ کروڑوں لوگ نہیں مان رہے، مخالفین چاہتے ہیں پوری (ن) لیگ کو سزا ہوجائے اور نااہل کر دیا جائے، نہال ہاشمی کے بیان پر(ن) لیگ نے ضابطے کی کارروائی بھی کی تھی، ہمیں کوئی اعتراض نہیں اگرسب کیلئے ایک اجیسا اصول اپنا لیا جائے، خدارا ایسے فیصلے کریں جس سے خوف کے بجائے عزت بڑھے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اورسینیٹر نہال ہاشمی کو توہین عدالت کا جرم ثابت ہونے پر5 سال کے لیے نااہل قرار دیتے ہوئے ایک ماہ قید اور50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔