اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن سائرہ افضل تارڑنے وزیراعظم کے نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے سرگودھا میں پینل والے ہسپتالوں کا دورہ کیا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام شروع کیا گیا ہے جو پاکستان کے غریب خاندانوں کو سرکاری و پرائیوٹ ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی مفت سہولتیں فراہم کررہا ہے۔یہ پروگرام پاکستان کے 11اضلاع میں شروع ہوچکا ہے جبکہ 4مزید اضلاع میں یہ پروگرام اسی ماہ شروع کیا جائے گا۔اس نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں اب تک 9لاکھ سے زائد خاندانوں کا اندراج ہوچکا ہے اور پاکستان بھر میں پروگرام کے پینل پر موجود 76ہسپتالوں میں 14ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا جاچکا ہے۔وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن اب دوسرا مرحلہ شروع کرنے کے لیے کام تیز کررہی ہے جس کے تحت پاکستان کے باقی رہ جانے والے تمام اضلاع میں بھی اس پروگرام کے تحت مفت علاج معالجہ کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔اب یہ پروگرام سرگودھا سے شروع کیا جارہا ہے اس پروگرام کے ذریعے سرگودھا کے 8ہسپتالوں سمیت ملک بھر کے 81ہسپتالوں میں مفت علاج معالجہ کی سہولت دی جائے گی توقع ہے کہ ضلع سرگودھا میں اس پروگرام سے 3لاکھ خاندان مستفید ہوں گے۔وزیراعظم کا نیشنل ہیلتھ پروگرام ضلع سرگودھا میں 17فروری سے شروع کیا جارہا ہے۔ وزیر مملکت برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سائرہ افضل تارڑ نے پروگرام کے سرگودھا میں آغاز کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں سرگودھا اور پینل پر موجودہسپتالوں کا دورہ کیا۔ہسپتالوں کے دورہ کے دوران سائرہ افضل تارڑ نے پروگرام سے مستفید ہونے والے غریبوں کو بہترین اور اعلیٰ معیارکی حامل طبی خدمات کی فراہمی پر زوردیا اور ہسپتالوں کے عملہ کو ہدایت کی کہ وہ دْکھی انسانیت کی خدمت اور آرام پہنچانے کے لیے اپنی تعلیم اور تجربہ کو بروئے کار لائیں۔انہوں نے ملک کے غریب خاندانوں کی سماجی و معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوششوں کی ضرورت پر بھی زوردیا۔ سائرہ افضل تارڑ نے پرگرام کی مانیٹرنگ کو بھی بڑ اہم قرار دیا اور کہا کہ وہ پینل پر موجود ہسپتالوں کا خود ذاتی طورپر بھی دورہ کریں گی اور وزیراعظم کے نیشنل ہیلتھ پروگرام کے ذریعے علاج معالجہ کروانے والوں کی عیادت کے لیے ان کے گھروں میں بھی جائیں گی۔وزیر مملکت نے بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ان کی وزارت دن رات کام کررہی ہے تاکہ پاکستان میں ہرکسی کو صحت کی مساوی سہولیات اور علاج معالجہ کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
خبرنامہ
سائرہ افضل تارڑکا وزیراعظم نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے ہسپتالوں کا دورہ
