خبرنامہ

سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور تاریخ کا سیاہ باب ہے: احسن اقبال

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے جو مدتوں بھلایا نہیں جاسکے گا،دو سال کا عرصہ گزرجانے کے باوجود آج بھی ہر پاکستانی کا دل اس واقعے پر دْکھی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوسانحہ آرمی پبلک سکول کی دوسری برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور سے یہ حقیقت کھل کر سامنے آگئی کہ وطن اور انسانیت کے دشمن ہمیں تعلیم سے دور رکھ کر ہمارا مستقبل تاریک کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ہمیشہ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر قوم کے حوصلے پست کرنے میں ناکام رہے۔ اے پی ایس پر حملے نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کر دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم، حکومت اور عسکری قیادت کے اتحاد کی بدولت دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوا،پوری پاکستانی قوم متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ سانحہ اے پی ایس پشاور کے متاثرین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔