خبرنامہ

سعد رفیق اور مولانا طارق جمیل آج رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن کا سنگ بنیاد رکھیں گے

لاہور (ملت + آئی این پی) وفاقی و زیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور معروف عالم دین مولانا طارق جمیل( آج )ہفتہ کو رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھیں گے،ریلوے اسٹیشن کی نئی عمارت کو پندرہ کروڑ روپے کی خطیر رقم سے فروری 2018 تک مکمل کیا جائے گا جبکہ پرانی عمارت کی مخدوش حالت کو بہتر بناتے ہوئے سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کے دفاتر کے لئے استعمال کیاجائے گا، دوسرے مرحلے میں ریلوے اسٹیشن پر برقی زینے لگائے جائیں گے،نئے ریلوے اسٹیشن پر 70مسافروں کی گنجائش کے ساتھ ویٹنگ ایریا، سو نمازیوں کے لئے نماز کی جگہ ،ریزرویشن اور انفارمیشن آفس ،ٹک شاپ اور ٹکٹنگ روم کے لئے جگہ مختص، 170موٹرسائیکلوں ،25ٹیکسیاں اور80کاروں کی پارکنگ کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی و زیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور معروف عالم دین مولانا طارق جمیل آج ہفتہ کو رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ مولانا طارق جمیل اس حوالے سے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ پاکستان ریلویزسبی ،ہرنائی اور کراچی کینٹ سمیت مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر باقاعدہ کام شروع کر چکا ہے جبکہ ان کے علاوہ سندھ کے 12،پنجاب کے 10،خیبرپختون خواہ کے 5اور بلوچستان کے 4ریلوے اسٹیشنوں پر بہت جلد کام شروع ہو گا۔ تقریب میں رائے ونڈ سے منتخب رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر ،سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالغفور اور رکن پنجاب اسمبلی چوہدری گلزار بھی خطاب کریں گے جبکہ چیف ایگزیکٹیو آفیسرپاکستان ریلویزمحمدجاویدانورمہمانوں کو خوش آمدید کہیں گے اور اس منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے کے ایم ڈی فرخ تیمور غلزئی کے مطابق رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن کی نئی عمارت کو پندرہ کروڑ روپے کی خطیر رقم سے فروری 2018 تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ پرانی عمارت کی مخدوش حالت کو بہتر بناتے ہوئے سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کے دفاتر کے لئے استعمال کیاجائے گا۔انہوں نے بتایا کی دوسرے مرحلے میں ایک علیحدہ پراجیکٹ کے تحت رائے ونڈ کے ریلوے اسٹیشن پر برقی زینے بھی لگائے جائیں گے۔ نئے ریلوے اسٹیشن پر 70مسافروں کی گنجائش کے ساتھ ویٹنگ ایریا، سو نمازیوں کے لئے نماز کی جگہ ،ریزرویشن اور انفارمیشن آفس ،ٹک شاپ اور ٹکٹنگ روم کے لئے جگہ مختص کی گئی ہے۔ ریلوے اسٹیشن پر 170موٹرسائکلیں ،25ٹیکسیاں اور80کاروں کی پارکنگ کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔