خبرنامہ

سندھ کے لوگ زرداریوں سے نجات چاہتے ہیں

جیکب آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سندھ میں سیلاب آتا ہے تو لوگ ڈوب ‘ حکمران تر جاتے ہیں ‘ پیپلز پارٹی کے لیڈر بندوں کا پتھر بھی بیج ڈالتے ہیں ‘ سندھ کے لوگ زرداریوں سے نجات چاہتے ہیں ‘ مراد علی شاہ نے شاہ سے زیادہ شاہ کی وفاداری دکھاتے ہوئے وفاق کو للکارا ‘ ایک ارب دو اور گیس لوگ ‘ نوری آباد پاور پلانٹ کے پیچھے کون ہے عوام سب جانتے ہیں ‘ 2018ء کے الیکشن میں دادا گیری کا خاتمہ کر دیں گے۔ وہ جمعہ کو جیکب آباد میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ (آج) جلسے میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے ثابت کیا ہے کہ سندھ کے رہنے والے زرداریوں سے نجات چاہتے ہیں۔ سندھ کی سرزمین زرداریوں کے چنگل سے جلد آزاد ہو گی۔ وزیر اعظم نواز شریف ہمیشہ آپ کیلئے امن ‘ ترقی اور خوشحالی لاتے ہیں ۔ سندھ میں ڈاکوؤن کے خلاف آپریشن کر کے محمد نوا زشریف نے امن قائم کیا۔ جب بھی سیلاب آیا سندھ میں سیلاب زدگان کی مدد کے لئے سب سے پہلے وزیر اعظم نواز شریف پہنچے۔ اس وقت سندھ حکومت کہاں ہوتی ہے۔ سیلاب میں لوگ ڈوب جاتے ہیں پیپلز پارٹی کے حکمران تر جاتے ہیں۔ سندھ حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ کبھی ذوالفقار علی بھٹو شہید کے نام پر کھی شہید بے نظیر کے نام پر ووٹ حاصل کرتے ہیں۔ سندھ کی محرومی کا کا رونا رو کر سندھ کارڈ استعمال کرنے والے جب بھی آتے ہیں لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کرتے۔ پیپلز پارٹی بتائے عوامی مسائل حل کرنے کی بجائے شہیدوں کے نام پر کب تک سیاست کرتی رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے شاہ سے زیادہ شاہ کی وفاداری دکھاتے ہوئے وفاق کو للکارا ‘ اصل بات میں عوام کو بتاتا ہوں نور آباد پاور پلانٹ میں 49 فیصد حصہ سندھ حکومت کا ہے جبکہ 51 فیصد حصہ کس کا ہے عوام جانتے ہیں۔ زرداری صاحب مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔ عوام سب سمجھتے ہیں۔ کبھی پنجاب ‘ کبھی بلوچستان کا کہتے ہیں اسے بناؤں گا پہلے بتاؤ کہ کب تک سندھ کی عوام کو بے وقوف بناؤ گے۔ یہ پاکستان کی ترقی نہیں صرف اپنی ترقی چاہتے ہیں۔ سندھ کے حکمران چوری کی چوری کھاتے ہیں کام نہیں کرتے۔ سندھ میں 10 سال سے ایک ہی خاندان حکومت کر رہہا ہے ان کی ساری انگلیاں گھی میں ہیں۔ سندھ میں وڈیرا بازی نہیں چلنے دیں گے۔ 2018ء کے انتخابات میں دادا گیری کا خاتمہ کر دیں گے۔ کراچی کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا گیا۔ زرداری بہت کھاتا ہے مگر پیٹ نہیں بھرتا۔ ہم سنانا نہیں چاہتے تھے لیکن آصف علی زرداری اور بلاول زرداری نے مجبور کیا ہے۔