اسلام آباد (ملت + اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ معاشی نظام کو ازسر نو ترتیب دے کر سودی نظام کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ وزارت مذ ہبی امور نے قومی علماء و مشائخ کونسل قائم کر دی ہے۔ اس کونسل کی خصو صی کمیٹی اس سلسلے میں کام کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد خلفائے راشدین کراچی کمپنی میں نظام صلواۃ کے موضوع پر نماز جمعہ کے اجتماعات اور بعد میں انجمن تاجران، علماء اور معززین علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا نذیر فاروقی، مفتی ضمیر ساجد، چیئرمین یونین کونسلز ملک رفیق، ملک سجاد، حافظ سجاد قمر بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کے معاشی نظام جب تک اﷲ کے تابع نہیں ہوگا، ہم ترقی نہیں کر سکتے۔ اس سلسلے میں علماء کرام کی بھی زیادہ ذمہ داری بنتی ہے۔ قومی علماء کونسل اس حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی جو وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی سطح تک نظام صلواۃ پر کافی حد تک عمل درآمد ہو رہا ہے، اس کے بعد پورے پاکستان میں اس کو پھیلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلز پر اذان کے لئے چیئرمین پیمرا کو خط لکھ چکا ہوں۔ پیمرا کی ذمہ داری ہے کہ وہ چینلز کو پاپند کرے کہ وہ اسلامی تعلیمات کے لئے باقاعدہ وقت مقرر کرے اور اس حوالے سے مستند علماء کی خدمات حا صل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اس لئے چینلز کو چاہئے کہ وہ پاکستانی معاشرے کی عکاسی کریں نہ کہ مغرب کی نقالی کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کو صحیح معنوں میں زندہ کر رہے ہیں اور ایک اسلامی ملک میں اس پر جو جو ذمہ داریاں بنتی ہیں اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خبرنامہ
سودی نظام کے خاتمہ: کونسل قائم: سردار یوسف