خبرنامہ

سپریم کورٹ کے فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں،اللہ نے ہمیں سرخرو کیا ہے، مسلم لیگ ن

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں،اللہ نے ہمیں سرخرو کیا ہے،مخالفین نے جو ثبوت ہمارے خلاف پیش کئے وہ ناکافی تھے،لوگوں کی خواہش تھی کہ میاں صاحب کو ہٹائیں،نوازشریف الیکشن کے بعد بھی وزیراعظم ہوں گے،ناقابل تردید ثبوت کا دعویٰ کرنے والوں کا منہ کی کھانا پڑی،جے آئی ٹی کی تشکیل وزیراعظم کے موقف کی فتح ہے،نوازشریف صادق بھی ہیں اور امین بھی ہیں،عمران خان خیبرپختونخوا کے عوام کے ووٹوں کا حق ادا کریں،(ن) لیگ 2018میں چاروں صوبوں میں بھی حکومت بنائے گی۔جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں،اللہ نے ہمیں سرخرو کیا ہے،مخالفین نے جو ثبوت ہمارے خلاف پیش کئے وہ ناکافی تھے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف الیکشن کے بعد بھی وزیراعظم ہوں گے،لوگوں کی خواہش تھی کہ میاں صاحب کو ہٹائیں،ہم ہرطرح کی تحقیقات کیلئے تیار ہیں۔وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ناکام سیاستدانوں کو ایک بار پھر شکست ہوئی،ناقابل تردید ثبوت کا دعویٰ کرنے والوں کا منہ کی کھانا پڑی۔وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل وزیراعظم کے موقف کی فتح ہے،جے آئی ٹی کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا،نوازشریف صادق بھی ہیں اور امین بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کو آگے لے جانے کا سفر جاری رہے گا،(ن) لیگ کا کارواں نوازشریف کی قیادت میں بڑھتا رہے گا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان خیبرپختونخوا کے عوام کے ووٹوں کا حق ادا کریں،عدالتی احکامات پر مکمل عمل کیا جائے گا،2018میں عوامی عدالت لگے گی،(ن) لیگ 2018میں مرکز کے ساتھ صوبوں میں بھی حکومت بنائے گی،(ن) لیگ 2018میں چاروں صوبوں میں بھی حکومت بنائے گی۔