اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ مغرب کی درسگاہوں میں فرائض سرانجام دینے والے سکالرز مغربی دنیا کو اسلام کے حقیقی پیغام اور تعلیمات سے روشناس کرانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ مسلم سکالرز کی اجتماعی کاوش مختلف نظریات اورعقائد رکھنے والے افراد اور تہذیبوں کو قریب لانے میں مدد گار ہو سکتی ہے اور منفی رویوں کی حوصلی شکنی کی جا سکتی ہے۔ وہ جمعرات کو برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کے سینٹر آف اسلامک سٹڈیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فرحان احمد نظامی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کو قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویڑن میں مشیر وزیراعظم سے ملاقات کی۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ موجودہ حکومت دنیا میں اسلام اور پاکستان کے بارے میں پھیلائے جانے والے پراپیگنڈہ کو ختم کرنے کے لئے موثراقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر فرحان احمد نظامی کی اسلامی تاریخ و تعلیمات اوربین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے خدمات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مغربی ممالک میں مقیم مسلمان سکالرز اپنے قلم کی طاقت سے اسلام اور پاکستان کے بارے میں منفی رائے ختم کرنے میں کردار ادا کریں گے۔ ڈاکٹر فرحان نظامی نے عرفان صدیقی کی سرپرستی میں قومی تاریخ و ادبی ورثہ کی جانب سے علمی و ادبی سرگرمیوں میں اضافہ کو سراہا۔انہوں نے پیشکش کی کہ سینٹر آف اسلامک سٹڈیز آکسفورڈیونیورسٹی میں پاکستان چیئر کا قیام عمل میں لایاجائے اور پاکستان کسی بھی صورت میں اپنی تہذیبی وثقافتی موجودگی کو یقینی بنائے۔
خبرنامہ
سکالرز مغربی دنیا کو اسلام کے حقیقی پیغام سے روشناس کرانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں
