خبرنامہ

سیاست عمران خان نہیں بلکہ یہ مخلص کارکنوں کا کام ہے: سعد رفیق

صوابی (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر ریلوے اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاست عمران خان جیسے کھلاڑی اور غیر سنجیدہ لوگوں کا نہیں بلکہ یہ مخلص کارکنوں کا کام ہے ۔ملک کے مستقبل اور عوام کا فیصلہ گھیراؤ جلاؤ سے نہیں بلکہ ووٹرز سے ہی ہو گا عمران نیازی جمہوریت کے لئے ایک بڑا بوجھ ہے ۔ وہ جمعہ کی شام کرنل شیر کلے ضلع صوابی میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ جس میں سابق ایم پی اے حاجی جان بہادر خان، شیراز اکرم باچا اور دیگر سیاسی شخصیات نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کیس کی طرح پانامہ لیکس کیس بھی پاجامہ بن جائیگا اور مسلم لیگ ن کے قائدین ان کیسز میں سر خ رو ہو نگے۔ عمران خان کی بد زبانی نے ہمیں جواب دینے پر مجبور کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی ووٹ سے آئے گی سکرین پر چند لوگ بیٹھ کر جھوٹ بولتے ہیں پاکستان کی ترقی پر بھارتی وزیر اعظم مودی کی بجائے عمران خان ہی پریشان ہو رہے ہیں کرپشن کا رونا روتے ہوئے خیبر پختونخوا میں خیبر بینک لوٹ کر کھا گئے عمران خان اگر جھوٹ بولنا نہیں چھوڑتے تو کم از کم جھوٹ بولنا کم کر دیں ۔ ان کا دوسرا جھوٹ ٹس ہونے کے علاوہ تیسری کی تیاری کریں۔ شہباز شریف جناتی رفتار سے اپنے صوبے میں کام کر رہے ہیں ۔ مسلم لیگ ن کے مینڈیٹ کا فیصلہ بلاول بھٹو اور عمران خان کو کرنے نہیں دینگے ۔ عمران خان اداروں پر دباؤ ڈال کر جمہوریت کے خلاف سازشیں نہ کریں ۔ جب میاں نواز شریف اور مسلم لیگ (ن )کی حکومت اقتدار میں آئی تو پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں تھا ملک میں امن نام کی کوئی شے نہیں تھی صرف کراچی میں روزانہ دو سو لوگ قتل ہو رہے تھے کراچی مقتل گاہ بنا ہوا تھا لیکن میاں محمد نواز شریف نے ملک کو نہ صرف دہشت گردی کی لپیٹ سے نکالا بلکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا پوری دنیا یہ کہہ رہی تھی کہ 2018میں پاکستان دیوالیہ ہو گا لیکن آج مسلم لیگ کے دورے حکومت میں پاکستان میں میاں محمد نواز شریف کی مخلصانہ کوششوں سے 56ارب ڈالر کی سر مایہ کاری کے لئے سر مایہ کار پاکستان آرہے ہیں پچھلی حکومتوں کی چین کے ساتھ تعلقات بہتر نہیں تھے لیکن میاں نواز شریف کی مخلصانہ اور دوستانہ تعلقات سے چین نے پاکستان کو سی پیک جیسا ایک عظیم تحفہ دیا جس سے پورا پاکستان مستفید ہو گا ۔ جب میاں نواز شریف ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کے مفاد کے لئے عملی اقدامات اُٹھاتے ہیں تو عمران سمیت مخالفین کی پیٹ میں درد پیدا ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے صوبائی حکومت کا جب احتساب ہونے لگا تو ان کی حکومت نے خود احتساب کے ادارے کا کباڑہ کر دیا خیبر پختونخوا میں دس کروڑ درخت کے پودے کہاں گئے جب کہ پی ٹی آئی حکومت اپنی صوبے میں پولیو کیسز پر کنٹرول نہ پا سکا انہوں نے کہا کہ جلسوں اور دھرنوں میں ناچنا اور خواتین کی بے عزتی کرنا پی ٹی آئی کا کلچر ہے یہ اسلام اور مسلمانوں کا کلچر نہیں آج ہماری حکومت میں قومی خزانہ بھر ا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم میاں نواز شریف مولانا فضل الرحمن کی بات مانتے تو آج خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت نہ ہو تی میاں نواز شریف نے اپنے سابقہ دور میں پوری دنیا کا دباؤ مسترد کر تے ہوئے واضح کر دیا کہ روکھی سوکھی کھاکر ایٹم بم بنائیں گے۔ آج دنیا میں پاکستان ایٹمی قوت ہے اس کی بنیاد میاں نواز شریف نے رکھی تھی ملتان فیصل آباد اسلام آباد اور پنجاب کے دیگر شہروں میں میٹرو بس سروس سے غریب عوام کو ریلیف مل رہا ہے لیکن عمران خان کی حکومت نے صوبہ خیبر پختونخوا میں کتنے تر قیاتی کام کئے