سیاسی اور عسکری قیادت کے مربوط اقدامات کی بدولت کافی حد تک امن قائم ہوا،احسن اقبال
پشاور:(ملت آن لائن) وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہاہے کہ فرنٹیئرکورکی موجودہ قیادت نے جہاں اس روایتی فورس کودورجدیدکے تقاضوں سے عہدہ برآہ ہونے کیلئے تمام شعبوں میں اصلاحات کاایک جامع عمل شروع کررکھاہے وہاں فورس کے جوانوں کوموجودہ اورمستقبل قریب میں پیش آنے والے چیلنجزسے نمٹنے کے قابل بنانے کیلئے بھرتی اورتربیت کے کڑے معیارات اپنائے جارہے ہیں جوکہ انتہائی خوش آئندہے ،ان خیالات کا اظہارنے جمعرات کو فرنٹیئرکورخیبرپختونخوا (نارتھ)کے زیراہتمام سکاؤٹ ٹریننگ اکیڈمی ورسک میں ریکروٹس پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پرآئی جی فرنٹیئرکورخیبرپختونخوا (نارتھ ) میجرجنرل محمد وسیم اشرف بھی موجود تھے۔ احسن اقبال نے کہاکہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں ریکروٹس کی شاندارکارکردگی اعلیٰ ترین پیشہ وارانہ معیارکی عکاس ہے جس کیلئے ایف سی کی قیادت بالخصوص آئی جی میجرجنرل محمدوسیم اشرف کوخراج تحسین پیش کرتاہوں۔انہوں نے کہاکہ خاندان سے بچھڑکر20کروڑ عوام کوتحفظ فراہم کرنے کیلئے ایف سی کے جوان قوم کیلئے سرمایہ افتخارہیں، فرنیٹئرکورکے جوانوں کے جذبات،حوصلوں اورہشاش بشاش چہروں سے جوانوں کی اعلیٰ تربیت اورعزم کااندازہ لگایاجاسکتاہے،انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آج آپ فرنٹیئرکورکے باقاعدہ تربیت یافتہ دستوں میں شامل ہونے جارہے ہیں جوموجودہ دورکے بہترین پیشے سے منسلک اورملک وقوم کی جغرافیائی اورنظریاتی سرحدوں کی حفاظت پرمامورہیں،مجھے کامل یقین ہے کہ آپ نے جوتربیت یہاں سے حاصل کی ہے اس سے آپ پیشہ وارانہ زندگی کے دوران پیش آنے والی تمام مشکلات کامردانگی سے مقابلہ کرسکیں گے۔احسن اقبال نے کہاکہ آپریشن ردالفساد کے تحت پوری ملک میں بالعموم اورفاٹا میں بالخصوص آپریشن جاری ہیں جو دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کی تابوت میں آخری کیل ثابت ہونگے۔انہوں نے کہاکہ ملک کی سیاسی اورعسکری قیادت نے یکجاہوکرایسے اقدامات کئے ہیں جن کی بدولت پاکستان میں کافی حدتک امن قائم ہواہے اورملک تعمیروترقی کی راہ پرگامزن ہے۔وفاقی وزیرنے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت فرنٹیئرکورکے استعدادمیں حال ہی میں بے پناہ اضافہ کیاگیاہے جس میں نئے ونگزکاقیام اوران کی بنیادی تربیت کے علاوہ جدید سازوسامان کی فراہمی بہت اہم ہے ، پاسنگ آؤٹ پریڈسے خطاب میں آئی جی ایف سی میجرجنرل محمد وسیم اشرف نے کہاکہ پاک فوج اورفرنٹیئرکورکے نڈرجوانوں نے اس چمن کی آبیاری اپنے خون سے کی مگرملک پرکوئی آنچ نہیں آنے دیاجس پرہمیں فخرہیں ۔انہوں نے کہاکہ امن وامان برقراررکھنے کے شعبے میں فرنٹیرکورکاکرداراظہرمن الشمس ہے۔وفاقی وزیرداخلہ نے پریڈ کے معائنے کے بعد تربیت کے دوران اعلیٰ کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے ریکروٹس میں انعامات بھی تقسیم کئے۔