سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی
اسلام آباد(ملت آن لائن) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین پروفیسر ساجد میر کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں لبریشن سیل اور کشمیر کلچرل اکیڈمی کی جانب سے تنازعہ کشمیر پر جامع بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں توانائی کے منصوبوں میں جونیئر اسامیوں کی تخلیق اور اسامیوں کی منظوری پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کے رکن رحمان ملک نے مذمتی قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں ان کے جنگی جرائم کی چارج شیٹ بھی پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹی معصوم کشمیریوں کے خلاف بھارتی حکومت اور فورسز کے مظالم کی سخت مذمت کرتی ہے۔ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق صرف اپنے جائز حق کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ قرارداد میں اقوام متحدہ کے ذریعے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ میں مقدمہ چلانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
خبرنامہ
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی
