خبرنامہ

سی پیک منصوبہ خطے کی خوشحالی کی ضمانت ہے، گورنرسندھ

کراچی(ملت آن لائن)پاک چین دوستی کا عظیم شاہکار سی پیک منصوبہ خطے کی خوشحالی کی ضمانت ہے ، پاک چین دوستی پر دونوں اقوام کو بے پناہ فخر ہے۔
ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ محمد زبیر نے گورنر ہاؤس میں چین کی وزارت انصاف کے نائب وزیر لی زھینیو کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کیا وفد میں چین کے قونصل جنرل وانگ یو بھی شامل تھے گورنر نے کہا کہ دوطرفہ آئیڈیاز کے تبادلے سے پاک چین تعلقات کو استحکام حاصل ہو رہا ہے۔

لی زھینیو نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کے اقدامات قابل تعریف ہیں چین پاکستان کو طاقتور دیکھنا چاہتا ہے پاکستان کے ساتھ مزید معاہدے ہو ں گے جس سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، دریں اثنا گورنر ہاؤس میں لیاری سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں ظہرانے اور انعامات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ محمد زبیر نے کہاکہ لیاری فٹبال ، باکسنگ، باڈی بلڈنگ اور سائیکلنگ کے کھیلوں سے پہچانا جانے والا علاقہ ہے تقریب میں راجہ سعید احمد ، لیاری فٹبال ایسوسی ایشن کے چیئر مین ناصر کریم، صدر جمیل احمد شریک تھے گورنر نے فٹبالرز سبی چیمپئن شپ کے گولڈ میڈلسٹ کیپٹن شیرمحمد ، نیشنل چیمپئن شپ کے فاتح کپتان اعجاز کارا،حبیب بینک کے سابق کپتال فضل رحمن، ماضی کے شہرت یافتہ کھلاڑی امان اللہ، سابق کپتان سندھ گورنمنٹ پریس محمد سعید، گولڈ میڈلسٹ باکسر مہراللہ اور ایشین چیمپئن شپ کے گولڈ میڈلسٹ علی بخش، باڈی بلڈنگ میں مسٹر جنوبی ایشیا اور مسٹر پاکستان فدا حسین اورقومی سائیکلنگ چیمپئن نظر محمد کو نقد انعامات دیے تقریب میں بتایا گیا کہ لیاری میں 142 فٹبال کلب،13 باکسنگ کلب اور سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے دفاتر قائم ہیں جہاں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہر وقت موجود رہتی ہے گورنر نے کہا کہ میری ذاتی خواہش ہے کہ فٹبال ، باکسنگ اور سائیکلنگ کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی لیاری سے ہوسکے۔

علاوہ ازیں قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کے ہمراہ آنے والے وفد سے ملاقات میں گورنر سندھ نے کہاکہ وفاقی حکومت بھی عوامی توقعات کے عین مطابق بھرپور عوامی فلاح وبہبود کے اقدامات اٹھارہی ہے وفد میں خیبر پختون خواہ اسمبلی کے اراکین حاجی صالح محمد اور ضیا الرحمن سمیت دیگر شامل تھے۔