خبرنامہ

سی پیک گیم چینجر ثابت ہوگا، مریم اورنگزیب

سی پیک گیم چینجر ثابت ہوگا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(ملت آن لائن) وزیر مملکت برائے اطلاعات‘ نشریات‘ قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم نے پاکستان میں کامیابی سے امن و امان کی صورتحال بحال کردی ہے،اب پاکستان کے تشخص اور معاشرے میں برداشت کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا جو جمعہ کو وزارت اطلاعات و نشریات کا اپنا پہلا دورہ کر رہے تھے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات دونوں قوموں کے عوام کی امنگوں پر استوار ہیں، جنہیں عوامی رابطوں اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دے کر مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ سی پیک مشترکہ منزل مقصود کا منصوبہ ہے جو عشروں پر محیط آزمودہ لازوال دوستی کو نہ صرف آئندہ نسلوں تک بڑھائے گا بلکہ یہ خطے کے تمام عوام کو مضبوط رابطے بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک گیم چینجر ثابت ہوگا اور اس کے اثرات علاقائی رابطوں‘ سرمایہ کاری کے مواقع‘ صنعتی اور مالیاتی تعاون ‘ توانائی‘ سیاحت اور تعلیمی و عوامی رابطوں پر بھی مرتب ہوں گے۔ سی پیک ون بیلٹ ون روڈ کے ذریعے نہ صرف ثقافتی رابطے قائم کرے گا بلکہ دونوں ملکوں کی نوجوان نسل کو عظیم مواقع فراہم کرے گا جس کے ذریعے وہ اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کر سکیں گے۔ اس موقع پر چینی سفیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ‘ امن و امان کی صورتحال میں بہتری اور ملک میں انفراسٹرکچر کی تعمیر میں بے پناہ اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی رابطوں کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ ثقافت دو قوموں کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ آرٹ‘ ثقافت اور قومی ورثہ کو فروغ دینا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ہماری جمہوری حکومت پاکستان میں فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے پہلی فلم پروڈکشن پالیسی تشکیل دینے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کسی وقت پاکستان دنیا کے بڑے فلم پروڈیوسرز میں شامل تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت فلمی صنعت کے شاندار ماضی کی بحالی کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے جامع پیکج کا اعلان کیا تھا جس میں فلم فنانس فنڈ ‘ فلم سٹوڈیو کا قیام اور کئی ٹیکسوں کی چھوٹ شامل ہے۔ وزیر مملکت نے فلمی صنعت کی بحالی میں چین کے تعاون کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین کے عوام اپنے سینماؤں میں پاکستانی فلموں کی نمائش کریں گے۔ چینی سفیر نے ثقافت ‘ فلم پروڈکشن و براڈکاسٹ میں روایتی اشتراک کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ وزیر مملکت اور چینی سفیر کے مابین صحافتی پروگراموں کے تبادلوں پر بھی اتفاق رائے پایا گیا تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکے۔ چینی سفیر نے وزیر مملکت کو چین کے دورے کی دعوت کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ جلد چین کا دورہ کریں گی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری وزارت اطلاعات شفقت جلیل‘ ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ ظہور برلاس بھی موجود تھے۔