خبرنامہ

سی ڈی اے کا رواں مالی سال 2018-19ء کیلئے ترقیاتی بجٹ کا تخمینہ 21,743.13 ملین روپے

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) نے رواں مالی سال 2018-19ء کے لئے ترقیاتی بجٹ کا تخمینہ 21,743.13 ملین روپے لگایاہے جو مجموعی 40,538.42 ملین روپے کے بجٹ کا 54 فیصد ہے جبکہ غیرترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 10,200.51 ملین روپے لگایا گیا ہے۔ اسی طرح میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کو تنخواہ، الاؤنسز اور غیرترقیاتی اخراجات کے لیے 6,397.78 ملین روپے بھی دینے کی تجویز ہے تاہم یہ فنڈ منسٹری آف کیڈ کی منظوری کے بعد دیئے جائیں گے۔ بجٹ دستاویز میں فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2018-19ء کے بجٹ میں اراضی کے حصول اور بلٹ اپ پراپرٹی کے معاوضے کی مد میں 3000 ملین روپے، سیکٹر 1-15 کی تعمیر کے لیے 1000 ملین، 7th ایونیو پر خیابانِ سہروری اور کشمیر ہائی وے کے انٹر سیکشن کے مقام پر گریڈ سیپریشن کی سہولت مہیا کرنے کے لیے 500 ملین روپے، شکر پڑیاں کلچرل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے 100 ملین روپے، لینڈ فل سائیٹ کے لیے 100 ملین، سروس روڈ (ساؤتھ) بلیو ایریا سیکٹر E-11 کی تعمیر کے لیے 100 ملین روپے، بلیو ایریا F-8/F-9 میں سیوریج اور پانی کی سہولیات کی فراہمی کے لیے 100ملین، کری ماڈل ویلج میں بڑی روڈوں کی تعمیر کے لیے 100 ملین روپے، اسلام آباد کے ماسٹر پلان میں نظرثانی کے لیے 100 ملین روپے، لہتراڑ روڈ پر برما پل کی تعمیر کے لیے 100 ملین، آرچرڈ سکیم مری روڈ کی تعمیر کے لیے 100 ملین، سیکٹر 1-15 کے فلیٹ الاٹیوں کو ری فنڈ کی مد میں 100 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بجٹ دستاویز کے مطابق ترقیاتی کاموں کو ترجیح دی گئی ہے جبکہ اراضی کے حصول اور متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے لئے بھی خاطر خواہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں اور اسلام آبادکے ایک عرصہ سے زیرِالتواء سیکٹروں میں ترقیاتی کاموں کے اجراء، لینڈ فل سائٹ کی تعمیر، روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری اور دیگر عوامی فلاحی منصوبے سال 2018-19ء میں مکمل کیے جائیں گے۔