شائستہ پرویز ملک کا قصورمیں افسوسناک سانحے پر شدید ردعمل کا اظہار
اسلام آباد (ملت آن لائن) خواتین ارکان پارلیمنٹ کے گروپ وومن کاکس کی سیکرٹری جنرل اور مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک نے قصور میں بچی کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک سانحے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے واقعات ہمارے قومی چہرے کو بد نما بنا رہے ہیں، ہر سطح پر ان واقعات کی روک تھام کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ وومن کاکس سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ضلع قصور میں بچی زینب کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ بھی ہماری جہالت اور مایوسی کی منہ بولتی تصویر ہے۔ بچی کے ساتھ زیادتی اور اس کے بعد اس کاقتل ایک ناقابل فراموش سانحہ اور سنگین جرم ہے۔ اس طرح کے واقعات کے سد باب کے لئے جنگی بنیادوں پر ہر سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس واقع کو کسی قیمت پر بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، معاشرتی، قانونی اور عدالتی سطح پر اس واقع کو مثال بنا کر آئندہ کے لئے ایسے انسانیت سوز جرائم کا راستہ روکنے کے لئے کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم ہر ایک کو ایسی سماجی برائیوں کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور اس ضمن میں قانونی اور عدالتی ڈھانچے اور منفی ویب سائٹس اور ذرائع ابلاغ کے دائرہ کار کااز سر نو جائزہ لینا ہو گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقع کے مرتکب ملزمان کو عبرت ناک سزا دے کر ایک مثال قائم کی جائے تاکہ آئندہ کوئی اس طرح کے واقع کامرتکب ہونے کی جرات نہ کر سکے۔