خبرنامہ

شاہراتی نیٹ ورک کی تکمیل سےروابط میں اضافہ ہو گا؛وزیر اعظم

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ شاہراتی نیٹ ورک کے مکمل ہونے سے اندرونی اور علاقائی روابط میں زیادہ اضافہ ہو گا اور ملک میں تجارتی اور صعنتی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ جمعرات کو یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے مختلف موٹر ویز اور سڑکوں کے منصوبوں پر عملدرآمد کے جائزہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے این ایچ اے کے چیئرمین کوہدایت کی کہ سڑکوں کے بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں کی شفافیت اور معیار پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے ، تمام سڑکیں بین الاقوامی معیار کے مطابق بنائی جائیں اور کنٹریکٹ دینے میں مکمل شفافیت کو یقینی بنایاجائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ یہ منصوبے لوگوں کو روزگار کے ہزاروں مواقع فراہم کررہے ہیں جن کی تکمیل سے ہمارے عوام کی سماجی و اقتصادی خوشحالی کے لئے نئی راہیں کھلیں گی۔ این ایچ اے کے چیئرمین شاہد اشرف تارڑ نے وزیر اعظم کو بتایاکہ اس وقت ملک میں 1140.74 ارب روپے مالیت کے 3047کلومیٹر طویل سڑکوں کے منصوبے زیر تعمیر ہیں جس میں نجی شعبہ کی 150 ارب روپے کی سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔ ان منصوبوں میں حویلیاں۔ تھاکوٹ ، ہزارہ موٹر وے ، ہکلہ ۔ ڈی آئی خان ، سیالکوٹ ۔ملتان، لاہور۔ ملتان، گوجرہ۔شورکوٹ ، سکھر۔ملتان، کراچی۔ حیدر آباد اور حیدر آباد سکھر موٹرویز شامل ہیں۔ چیئرمین نے مزید بتایاکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی عالمی معیار کے مطابق تیز رفتار تعمیراتی کام کو یقینی بنارہی ہے ۔